ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنا ہو گا،برآمدات کے بڑھنے سے کاروبار اور آمدن میں اضافہ ہو گا، عالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے ملک میں بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا لاہور چیمبر آف کامرس کی اچیومنٹ ایوارڈکی تقریب سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 20:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برآمد کنندگان پر زور دیا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنا ہو گا، عالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے ملک میں بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو لاہور چیمبر آف کامرس کی اچیومنٹ ایوارڈکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے تاجر برداری اور سرمایہ کاروں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے ہیں اور ان کے مطالبات کو پورا کیا ہے اور اب ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور برآمدات کو 40 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک لے کر جائیں۔ وزیراعظم نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ حکومت کو ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات تجویز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کیلئے اعلان کردہ مراعات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور برآمدات میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جولائی میں ہوں گے، امید ہے کہ جو بھی حکومت آئے گی پالیسیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے بڑھنے سے کاروبار اور آمدن میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قلت دور کرنے کیلئے اپنے دور میں بجلی اور گیس کے کارخانے لگائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی، آج پاکستان میں 1700 کلومیٹر موٹروے مکمل ہو چکی ہیں، حکومت نے کاروبار مں اضافہ کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ اربوں روپے کے منصوبے مکمل کئے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی صرف جمہوریت سے وابستہ ہے، جمہوریت کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، یقین ہے کہ آئندہ مسلم لیگ (ن) ہی حکومت بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی شہری ہونے کے ناطے ہم پر ٹیکس ادا کرنا قانونی ذمہ داری ہے، ٹیکسوں سے ہی ملک کا نظام چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر براری کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، ملک میں کاروبار کے بڑھنے سے ترقی ہو گی۔