وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر تمام طلبہ و طالبات اور انکے ساتھیوںکو مظفرآباد منتقل کر دیا گیا

پیر 14 مئی 2018 16:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت پر تمام طلبہ و طالبات اور ان کے ساتھیوںکو مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ہے ،وزیراعظم آزادکشمیر نے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ،وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی ،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کرنل وقار نور کے ہمراہ مظفرآباد پہنچنے اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔

طلبہ و طالبات کو سٹیٹ گیسٹ ہائوس اور مقامی ہوٹل پر ٹھہرایا گیا متاثرین کے اعزاز میںوزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے کھانا دیا گیا ،وزیراعظم نے نیلم سے فوری واپسی پر سی ایم ایچ میں جا کر حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی ۔دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر نے سٹیٹ گیسٹ اورمقامی ہوٹل کا دورہ بھی کیا اور متاثرہ طلبہ اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آج پورا آزادکشمیر غم میں ڈوبا ہوا ہے ہر آنکھ اشکبار ہے ،میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا دکھ بیان کر سکوں۔میں بھی ایک باپ ہوں مجھے اندازہ ہے کہ آپ کے والدین پر کیا گزر رہی ہو گی،وزیر اعظم نے کہاکہ جاںبحق ہونے والے بچے بھی ہمارے اپنے بچے تھے ،آپ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں ، ہمیں آپ کے درد کا احساس ہے ، انہوں نے کہاکہ جتنی تکلیف آپ کو ہے اتنی ہی ہمیں ہے،حادثے کا شکار ہونیوالوں کا دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے بچ جانے والوں نے حوصلہ نہیں ہارنا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آپ کی جو معاونت کر سکے وہ کرینگے ۔ میں آپ کے پاس آپ کے تعلیمی اداروں میں تشریف لائوں گا۔