قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان کا (ن) لیگی رکن رجب بلوچ کو خراج عقیدت پیش

رجب شریف النفس تھے، ان کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، وہ پارٹی پالیسی کے مطابق کام کرتے رہے ، وہ بیماری میں بھی اسمبلی تشریف لاتے رہے ،وہ دلیر انسان ، اچھے دوست اور ساتھی تھے، رجب بلوچ کسی سے گلہ شکوہ نہیں کر تے تھے،وہ ہمارا اوہ اپنی یادیں چھوڑ گئے ریاض پیرزادہ ، آفتاب شیر پائو،طاہرہ اورنگزیب اور فوزیہ حمید سمیت دیگر ارکان اسمبلی کاایوان زیریں میں اظہار خیا ل

پیر 14 مئی 2018 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے مسلم لیگ (ن) کے انتقال کرنے والے رکن رجب علی خان بلوچ کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ کہ وہ شریف النفس انسان تھے، ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا ، اعلیٰ کردار کے حامل لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے ، رجب بلوچ پارٹی پالیسی کے مطابق کام کرتے رہے ، وہ بیماری میں بھی اسمبلی تشریف لاتے رہے ،وہ دلیر انسان تھے ، وہ کسی سے گلہ شکوہ نہیں کر تے تھے،وہ ہمارا اچھا دوست اور ساتھی تھا،وہ اپنی یادیں چھوڑ گئے ہیں ، ان خیا لات کا اظہار پیر کو قومی اسمبلی میں ریاض حسین پیرزادہ ، آفتاب خان شیر پائو،طاہرہ اورنگزیب اور فوزیہ حمید سمیت دیگر ارکان اسمبلی نے کیا ۔

پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہو ا ، اجلا س میں مسلم لیگ (ن) کے انتقال کر نے والے رکن رجب علی خان بلوچ اور واد ی نیلم میں پل حادثے میں جاں بحق ہونے والوں افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا رجب بلو چ کے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، وہ ہمارا اچھا دوست اور ساتھی تھا ۔

رکن اسمبلی ظفر اللہ خان جمالی نے کہا کہ رجب عمر میں مجھ سے چھوٹا تھا لیکن پختہ سیاستدان تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ رجب بلوچ بیماری کے باوجود ایوان میں آئے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ وہ بڑے اچھے انسان اور سیاستدان تھے ۔ رکن اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہا کہ اعلیٰ کردار کے حامل لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے ، رجب بلوچ پارٹی پالیسی کے مطابق کام کرتے رہے ہیں ۔

رکن اسمبلی فوزیہ حمید نے کہا کہ ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم ،وہ اپنی یادیں چھوڑ گئے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا کہ وہ بہت نفیس انسان تھے۔ رکن اسمبلی نسیمہ حفیظ نے کہاکہ وہ شریف النفس انسان تھے ، وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ ہم سب ان کیلئے دعا گو ہیں ۔ مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ شدید بیماری کے عالم میںبھی وہ سینیٹ کے ووٹ میں آئے ۔

اس وقت بھی وہ بڑے حوصلے میں تھے ۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب خان شیر پائو نے کہا کہ رجب بلوچ کی وفات پر دلی رنج وغم ہے ، ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ وہ اچھے شفیق انسان تھے ۔ ایم کیوایم پاکستان کے رکن اسمبلی ایس اے اقبال قادری نے کہا کہ وہ سنجیدہ سیاستدان تھے وہ بیماری میں بھی اسمبلی تشریف لاتے رہے ۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں وہ بہادری کے ساتھ آئے ، وہ دلیر انسان تھے ، وہ کسی سے گلہ شکوہ نہیں کر تے تھے ۔ رکن اسمبلی سید افتخار الحسن نے کہا کہ ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالستاربچانی نے کہا کہ وہ اچھے انسان تھے ۔ جماعت اسلامی کی رکن اسمبلی عائشہ سید نے کہا کہ رجب بلوچ ہمارے بھائی تھے وہ جمہوریت کیلئے ہر وقت مصروف رہتے تھے، رکن اسمبلی نعیمہ کشور ، طاہرہ بخاری، شیر اکبر خان ، چوہدری شہباز ، اور غوث بخش مہر سمیت دیگر ارکان نے بھی رجب بلوچ کو خراج عقیدت پیش کیا ۔