ْ رمضان المبارک میں عبادات الہی کے ساتھ حقوق العباد پر خصوصی توجہ دی جائے‘سردار محمد صادق

جمعہ 18 مئی 2018 21:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی نیلم کے مرکزی رہنما، صدر بلاول بھٹو فورس متحدہ عرب امارات سردار محمد صادق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عبادات الہی کے ساتھ حقوق العباد پر خصوصی توجہ دی جائے، خالق کائنات اپنے حقوق معاف فرما دینگے مگر حقوق العباد اس وقت تک معاف نہیں ہونگے جب تک متاثرہ افراد خود معاف نہ کریں، اپنے اردگرد نظر رکھی جائے اور کسی ضرورت مند کی ضرورت پوری کرکے دوگنا ثواب کمایا جاسکتا ہے، گزشتہ روز ماہ رمضان المبارک کے حوالہ سے جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس کا اس سال پھر ہمیں ملنا ہماری خوش نصیبی ہے، اس ماہ کی بدولت ہم اپنی آخرت سنوار سکتے ہیں، عبادات صرف رمضان کی حد تک ہی نہیں پورے سال کی جاتی ہیں مگر رمضان میں ان کا ثواب، اجر بڑھ جاتا ہے، اس لیے اس ماہ میں جنت کا حصول زیادہ آسان ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں روزے رکھنے، نمازیں پڑھنے، نفل پڑھنے کا کوئی فائدہ نہیں اگر یہ نمائش کے لیے عبادت کی جائے، اس لیے عبادت میں خشوع وخضوع کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ عبادات کے ساتھ انسانیت کا درد بھی اہم ہے، انسانیت کی خدمت کی جائے، رمضان المبارک میں اپنے تعلقات، رشتہ داروں پر نظر دوڑائیں، ہوسکتا ہے کوئی ایسا بھی ہو جو آپ سے امید لگائے بیٹھا ہو، ایسے افراد کی ضروریات پوری کرنا بڑا ثواب ہے، تمام لوگ حقوق العباد کی ادائیگی یقینی بنائیں۔