سحری و افطار کے دوران بدترین لوڈ شیڈنگ ،حکومت بجلی گیس و پانی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامت کرے، ممتاز حسین

جمعہ 18 مئی 2018 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سحری و افطار کے دوران بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے کے الیکٹرک و حکومت کے تمام دعووں کی نفی کردی ہے،حکومت ماہ صیام میں بجلی سمیت گیس و پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ سحرو افطار سمیت نماز تراویح سکون کے ساتھ پڑھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ رمضان سے قبل کے الیکٹرک حکام اور حکومت نے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا یقین دلایا تھا مگر شدید گرمی کے باوجود پہلی سحری و افطاری میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا تحفہ دیکر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے حتیٰ کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑادیا ہے۔ صوبائی رہنماء نے کہا کہ مسلم لیگ نے اپنی انتخابی مہم ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے نعرے کے تحت چلائی تھی۔

عوام نے انہیں بھاری مینڈیٹ دیکر اقتدار تک پہنچایا مگر حکمرانوں نے اپنے پانچ سالہ دورے اقتدار میں عوام سے کیا گیا بجلی بحران کے خاتمے کا وعدہ تا حال پورا نہیں کیا۔ جس کے نتیجے میں عوام آج کراچی سے کشمور شدید گرمی کے باوجود 8 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔