رمضان کے دوران ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کیلئے سخت اقدامات کی ہدائت

ہفتہ 19 مئی 2018 13:57

فیصل آباد۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران صوبہ کے مختلف شہروں میں ناجائز منافع خوری ، ملاوٹ کے خلاف بھر پور کارروائی ، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور غیر معیاری مصنوعات کی فروخت روکنے سمیت اشیاء خوردونوش کی فہرستیں نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پرائس مجسٹریٹوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کریں اور مارکیٹوں و بازاروں میں چور بازاری روکنے کیلئے اقدامات کریں نیز روزانہ کی کارکردگی رپورٹ بھی ڈی سیز کے ذریعے حکومت پنجاب کو فراہم کی جائے۔

فیصل آبادڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں جاری کئے گئے حکم ناموں میں کہا گیا ہے کہ اشیاء ضروریہ کی مصنوعی قلت اور گرانی کی صورتحال پیدا کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام 36اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور صارفین کی تنظیموں کو بھی مزید منظم ، متحرک ، فعال بنائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مارکیٹ کمیٹیوں کے چیئرمینز، ایڈمنسٹریٹرز اور سیکرٹریز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش کی فہرستیں جاری کریں اور ان مقررہ نرخوں پر ہر حال میں عملدرآمد کروایا جائے۔