تنازعہ کشمیرکونام نہاد ترقیاتی منصوبوں اور سطحی کوششوں سے نہیں ،ٹھوس سیاسی اقدامات سے حل کیا جا سکتا ہے، فریڈم پارٹی

کشمیری قوم مولانا محمد فاروق، خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول جیسے عظیم شہدا کی مرہونِ منت ہے ،قربانیوں کے طفیل آزادی کی مشعل روشن ہے،ترجمان

پیر 21 مئی 2018 17:18

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیرکونام نہاد ترقیاتی منصوبوں اور سطحی کوششوںسے نہیں بلکہ ٹھوس سیاسی اقدامات سے حل کیا جا سکتا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے استصواب رائے عامہ کیلئے جد و جہدکررہے ہیںجس کا وعدہ ان سے عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور شدہ قراردادوں کی صورت میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کو دھوکہ دہی کی سیاست سے حل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر ی عوام نے بار باراپنی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہاں کے لوگ حق خود ارادیت کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرسکیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جموں وکشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولانا محمد فاروق، خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول کو اُن کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔

فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پوری کشمیری قوم میرواعظ مولانا محمد فاروق، خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول جیسے عظیم شہدا کی مرہونِ منت ہے جن کی قربانیوں کے طفیل آزادی کی مشعل روشن ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کا ہر فرد اخلاقی طور اس بات کا پابند ہے کہ وہ شہدا کے مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ تحریک آزادی کو منزل مقصود تک پہنچایا جاسکے۔ترجمان نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رواںتحریک آزادی کا اصل سرمایہ ہیں اور یہ قربانیاں ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں۔