آزادکشمیرحکومت کے بااختیارہونے سے پاکستان اور آزادجموںوکشمیر کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے‘ راجہ مقصود خان

پیر 21 مئی 2018 17:59

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) سابق ممبراسمبلی وضلعی صدرمسلم لیگ ن راجہ مقصود احمدخان نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ایکٹ 974 1میں ترامیم کرانے کاوعدہ پوراکردیاہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے آزادکشمیرحکومت کوبااختیاربنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے جس پرآزادجموںو کشمیر کے عوام قومی سلامتی کمیٹی اور حکومت پاکستان کے شکرگزارہیں۔

آزادکشمیرحکومت کے بااختیارہونے سے پاکستان اور آزادجموںوکشمیر کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ کشمیری اور پاکستانی عوام جو لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں انھیں دنیاکی کوئی طاقت ایک دوسرے سے جدانہیں کرسکتی۔ان خیالات کااظہار انھوںنے مسلم لیگ ن کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق ممبراسمبلی راجہ مقصود احمد خان نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر اصل میں تحریک تکمیل پاکستان ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ اپنی قسمت وابستہ کرنے کاگذشتہ 71 بر س سے تہیہ کررکھاہے اور وہ اپنی منزل کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔راجہ مقصود احمدخان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ایکٹ 1974 میں ترامیم کاوعدہ پوراکرکے کشمیریوں کے سرفخر سے بلند کردیئے ہیں۔انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی ولولہ انگیز قیادت میں انتخابی وعدوں کوعملی جامع تیزی سے پہنارہی ہے ۔

انھوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کی فراخدلانہ مالی مدد سے آزادجموںوکشمیر کاشمار ترقی یافتہ خطوں میں ہوگاجہاں عام آدمی کامعیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی۔ انھوںنے کہاکہ گذشتہ سال سے حکومت پاکستان کی طرف سے آزاد جموںوکشمیرکے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں دوگناہ اضافہ ہوچکاہے جس کے نتیجہ میں آزادجموںوکشمیر کے تمام دس اضلاع میں بلاتفریق تعمیروترقی کاعمل تیزی سے جاری ہے۔