عبدالرزاق عباسی کی بطور ایم ایم اے صدر نامزدگی علماء کرام کے جماعت اسلامی پر اعتماد کی علامت ہے، ناصر عباسی

منگل 22 مئی 2018 11:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) جماعت اسلامی یوتھ ونگ ایبٹ آباد کی قیادت نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی ایبٹ آباد عبدالرزاق عباسی کو متحدہ مجلس عمل ایبٹ آباد کا صدر اور شکیل اختر جدون کو جنرل سیکرٹری، سردار غلام سرور کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر اور متحدہ مجلس عمل ایبٹ آباد کی نو منتخب جملہ کابینہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت بن کر غریب عوام کے مسائل دہلیز پر حل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی یوتھ ونگ ایبٹ آباد کے قائم مقام صدر ناصر خان عباسی، نائب صدر عظیم گل و جنرل سیکرٹری ملک سیف الله نے المرکز اسلامی ایبٹ آباد سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی قوتوں کا اتحاد وقت کی اشد ضرورت ہے، متحدہ مجلس عمل کی قیادت امیر جماعت اسلامی ایبٹ آباد عبدالرزاق عباسی کو منتخب کرنا جماعت اسلامی کی قیادت پر علماء کرام کے اعتماد کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ناصر عباسی نے کہا کہ الیکسن 2018ء میں متحدہ مجلس عمل صوبہ خیبر پختونخوا و بلوچستان میں مضبوط حکومت بنا کر حقیقی عوامی خدمت کو یقینی بنائے گی، جماعت اسلامی یوتھ ونگ متحدہ مجلس عمل کے شانہ بشانہ ہر اول دستہ کا کردار ادا کرے گی جس کیلئے وہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت کے ایک اشارے کی منتظر ہے۔