چیئرمین نیب نے رکن قومی وصوبائی اسمبلی سمیت دیگر کیخلاف شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ پڑتال کا حکم دیدیا

منگل 22 مئی 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبا لنے شاہ نواز خان رکن پنجاب اسمبلی کیخلاف گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول نمبر 2حسن ابدال کی عمارت پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے اور اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے چودھری محمد شفیق ، سابق صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت پنجاب کے خلاف 98 کنال سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے اور اسے تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

چیئرمین نیب نے پٹرولیم ڈویژن حکومت پاکستان اور دیگر وفاقی وزارتوں میں قواعد وضوابط کے برعکس کمپنیاں قائم کرنے کی مبینہ شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے ریاض الحق ایم این اے کیخلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کے سڑکوں کی تعمیر وترقی کیلئے مختص سرکاری فنڈز میں مبینہ خورد برد کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

چیئرمین نیب نے عامر نسیم ممبر اوگرا کیخلاف مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی مبینہ شکایت کانوٹس لیتے ہوئے جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے عبدالکریم سومرو ایم پی اے کیخلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے مبینہ طور پر جے ایس بینک میں قواعد کے برعکس پانچ ارب روپے ڈیپازٹ کرانے کی مبینہ شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔