بھارتی فورسز کانوہٹہ سرینگر میں مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال ، درجنوں افراد زخمی

رمضان کے مقدس مہینے میں جامع مسجد کے اطراف بڑی تعداد میں فورسز اہلکاروںکی تعیناتی اشتعال انگیز اقدام ہے،میر واعظ عمر فاروق کی مذمت

جمعہ 25 مئی 2018 17:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے سرینگر میںپرامن مظاہرین کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جسکے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں لوگ نماز جمعہ کے فوراً بعد سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست بھارت مخالف مظاہر ے کیے۔ علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان سخت جھڑپیں ہوئیں۔

قابض فورسز اہلکاروں کی طرف سے چلائے جانے والے آنسو گیس کے کئی گولے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے احاطے میں بھی جا پھٹے۔ آخری اطلاعات تک مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا ۔

(جاری ہے)

قابض اہلکاروں کی وحشیانہ کارروائی کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ادھر حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھارتی فورسز کی کارروائی کے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی جامع مسجد کے اطراف بھی بڑی تعداد میں فورسز اہلکاروںکی تعیناتی قطعی طور پرایک اشتعال انگیز اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیلٹ اور آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث لوگ جامع مسجد کے اندر پھنس کر رہ گئے جبکہ پیلٹ اور آنسو گیس کے گولوں کے پارچے لگنے سے درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔