کراچی، تھر میں ڈھائی سو بچوں کی اموات سندھ میں ترقی اور عوام کو صحت کی سولیات فراہم کرنے کی دعویدار حکومت سندھ کیلئے لمحہ فکریہ ہے،ممتاز حسین سہتو

تھر میں غذائی قلت اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث صرف رواں سال کے 5ماہ کے دوران بچوں کی اموات متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ

اتوار 27 مئی 2018 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ تھر میں غذائی قلت اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث صرف رواں سال کے 5ماہ کے دوران ڈھائی سو بچوں کی اموات سندھ میں ترقی اور عوام کو صحت کی سولیات فراہم کرنے کی دعویدار حکومت سندھ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ ایک طرف حکمران اسمبلی اور عوامی اجتماعات میں سندھ کی ترقی کے دعوے کرتے تھکتے نہیں ہیں تو دوسری جانب تھرپارکر میں غذائی قلت وطبی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے معصوم بچوں کی موت کا رقص جاری ہے جبکہ سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں۔

سندھ میں گذشتہ دس سالوں سے برسراقتدار پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں عوام کو بھوک وافلاس ،بے روزگاری اور مہنگائی کے تحفوں کے سوا کچھ بھی نہیں ملا ہے،عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ کی پرچی کے ذریعے کرپٹ قیادت کا احتساب کرکے صادق وامین نمائندوں کو منتخب کریں جو کہ سندھ کو ترقی کی طرف گامزن اور ان کے دکھوں کا مداوا کرسکیں۔

(جاری ہے)

صوبائی رہنما نے زور دیا کہ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے تھرپارکر میں معصوم بچوں کی موت کے سدباب اور طبی سہولیات فراہم کرکے اپنی زمہ داری پوری کرے ۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔#