وزیراعلیٰ پنجاب کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم کی مذمت

محمد شہباز شریف کا کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار،شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حل ضروری ہی:وزیراعلی

اتوار 27 مئی 2018 20:40

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم کی شدید مذمت کی ہے۔محمد شہباز شریف نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔محمد شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔بندوق کی گولی اور ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم و تشدد کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر عالمی برادری کی خاموشی انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔ خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔عالمی برادری کو بھارت پرکشمیر میں آگ اور خون کا کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دبائو ڈالنا چاہیئے۔

نہتے کشمیریوںپر بھارتی قابض افواج کے بدترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے ۔بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتے۔شہبازشریف نے کہا کہ ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا ۔بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔ شہباز شریف نے کہا کہ وقت نے کشمیرمیں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی کو ناکام ثابت کر دیا ہے۔