عوا م نے 25جولائی کوکیا کرنا اس کافیصلہ آج ہی کرلیں،نوازشریف

پونے دومہینوں میں عوام پاکستان کی تقدیر بدل دیں،اگر کرپٹ ہوتا ،یامحب وطن نہ ہوتا پانچ ارب ڈالرلیکر ایٹمی دھماکے نہ کرتا، مشرف کی طرح پاکستان کے مفادات کا سودا نہیں کیا،آج نوازشریف بڑا دشمن باقی آنکھوں کے تارے بن گئے،اگر کرپشن کی ہوتی تو اپنا چہرہ عوام کے سامنے نہ لیکر آتا۔قائد مسلم لیگ ن کا یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 28 مئی 2018 17:33

عوا م نے 25جولائی کوکیا کرنا اس کافیصلہ آج ہی کرلیں،نوازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28مئی 2018ء) :مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوا م نے 25جولائی کوکیاکرنا اس کافیصلہ آج ہی کرلیں،پونے دومہینوں میں عوام پاکستان کی تقدیر بدل دیں،اگر کرپٹ ہوتا ،یامحب وطن نہ ہوتا پانچ ارب ڈالرلیکر ایٹمی دھماکے نہ کرتا، مشرف کی طرح پاکستان کے مفادات کا سودا نہیں کیا،آج نوازشریف بڑا دشمن باقی آنکھوں کے تارے بن گئے،اگر کرپشن کی ہوتی تو اپنا چہرہ عوام کے سامنے نہ لیکر آتا۔

انہوں نے آج الحمراء ہال میں یوم تکبیرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میراعوام سے 33سالہ رشتہ بہت قیمتی سرمایہ ہے۔ اس تقریب میں پورے لاہور کی نمائندگی ہے۔مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میں اس جذبے کو کیا کہوں؟ قائد مانتے ہوتومیری بات بھی مانو۔میرے دل میں آپ کی اور آپ کی میرے دل میں محبت کوٹ کوٹ کربھری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

آج پاکستان کی ایٹمی طاقت کی 20ویں سالگرہ ہے، جبکہ میری نیب کورٹ میں 75ویں پیشی تھیں۔

مریم نوا زبھی آج اسی کٹہرے میں تین گھنٹے تک کھڑی رہیں۔میں اس کٹہرے میں چارچار گھنٹے کھڑا رہا۔سوچنا چاہیے کہ ماجرا کیا ہے؟ میں نے کسی سے کوئی میڈل تونہیں مانگا۔ لیکن مجھے اقامہ پراور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پرنکال دیا گیا۔اگر میرے خلاف کک بیکس یا کوئی کرپشن کا ثبوت لیکر آتے تومیں اپنا چہرہ عوام کے سامنے نہ لیکر آتا۔میں نے کوئی ملک کا پیسا نہیں لوٹا۔

اگر پیسا لوٹنا ہوتا تومجھے امریکی صدر کلنٹن نے 5ارب ڈالر کی پیشکش کی۔اس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ اگر میں کرپٹ ہوتا ،محب وطن نہ ہوتا تو میں ان سے کہتا کہ لاؤ مجھے پانچ ارب ڈالر دے دو۔میں دوچار ارب حکومت پاکستان کو دیتا اور کچھ اپنی جیب میں ڈال لیتا۔مجھے کینیڈین ، آسٹریلیا، سری لنکا ، امریکی ودیگر ممالک کے سربراہان نے فون کیے کہ یہ کام نہ کریں ہم آپ کو سرآنکھوں پربٹھائیں گے۔

میں نے کہاکہ آپ نے ہماری غیرت کا غلط اندازہ لگایا ہے۔ہماری عزت کی کوئی قیمت نہیں ہے۔آپ نے ہمیں غلط سمجھا ہے۔پانچ ارب ڈالر اپنے پاس رکھیں میں نے کہاکہ اگر ہندوستان نے ایٹمی دھماکے کیے توہمارادھماکے کرنے کا حق ہے۔ہم پاکستان کو تمیز سے بات کرنا سکھائیں گے۔ میں کہاکہ پاکستان بھی اتنا ہی طاقتور ہے جتنا تم اپنے آپ کوطاقتور سمجھتے ہو۔

پھر ہم نے ہندوستان کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکوں سے جواب دیا۔پھر ان دھماکوں کے 8مہینے بعد ہندوستان کے وزیراعظم واجپائی خود چل کربس پر بیٹھ کرپاکستان آیا۔اگر ہم دھماکے نہ کرتے توکیا بھارتی وزیراعظم پاکستان آتا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایٹمی قوت ہے ۔پاکستان کیخلاف دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر یاکسی آمر،ڈکٹیٹر نے یہ کام نہیں کیا۔

یہ کام ایک منتخب وزیراعظم نے کیا۔ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد کس نے رکھی؟ ایک منتخب وزیراعظم ذولفقار بھٹو نے رکھی جبکہ دھماکے منتخب وزیراعظم نے کیے۔انہوں نے کہاکہ ایٹمی دھماکے کا کرنے کا سب سے پہلا مشورہ مشاہد حسین سے لیا۔اس وقت میں اور مشاہد حسین تاجکستان میں تھے۔مجھے پتا چلا کہ ایٹمی دھماکے کیے ہیں میں نے سمجھا کہ کوئی چھوٹا موٹا دھماکا کیا ہوگا۔

لیکن میں نے مشاہد حسین سے بات کرکے فوری تہیہ کرلیا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہے۔کیونکہ یہ ہماری سکیورٹی کا مسئلہ ہے۔ایٹمی دھماکہ کرنے کیلئے سرنگ بنانا پڑے گی۔مجھے کہاکہ سرنگ بنانے میں کم ازکم ایک مہینہ لگے گا۔میں نے کہاکہ ہمیں فوری جواب دینا ہے۔ شاباش دیتا ہوں کہ جنہوں نے سرنگ بنانے کا کام دنوں میں مکمل کیا۔ ہم نے 28مئی کو بٹن دبایا اور پاکستان 28مئی کو ایٹمی قوت بن گیا۔

انہوں نے کہاکہ جب دھماکے کرلیے توامریکی صدر کو فون کیا اور کہاکہ آپ منتخب صدر ہیں یا نہیں؟ انہوں نے کہاکہ ہاں میں منتخب صدر ہوں تومیں نے کہاکہ میں بھی منتخب وزیراعظم ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نوازشریف میں آپ کو داد دیتا ہوں کہ آپ کی بات درست ہے۔ اس کے بعد امریکی صدر میرا دوست بن گیا۔پھر کارگل کے مسئلے پر میرا ساتھ دیا۔ یہ ڈپلومیسی ہوتی ہے۔

کسی مشرف کی طرح کی ہم نے پاکستان کے مفادات کا سودا نہیں کیا۔ گرمی سردی طوفان آئے لیکن نوازشریف کسی سے گھبرایا نہیں۔ہم اللہ کے فضل سے ایٹمی قوت بن گئے اب ہم اقتصادی قوت بننے جارہے تھے۔ آج رمضان کا مہینہ ہے ۔مجھے بتائیں کہ ملک میں بجلی آرہی ہے یا نہیں؟انہوں نے کہاکہ 2013ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اوردہشتگردی تھی، لیکن آج بجلی کی لوڈشیڈنگ اوردہشتگردی ختم کردی۔

سی پیک لے کرآئے ہیں۔موٹرویز بن رہے تھے۔ کیا نوازشریف کو اس چیز کی سزا دی گئی ہے؟اسی لیے میں روز نیب میں مقدمات بھگتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ کارکن سمجھتے ہیں کہ نوازشریف سے زیادتی ہوئی ہے تواس کی چابی عوام کے پاس ہے۔25جولائی کو عوام نے فیصلہ کرنا ہے۔نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے خلاف فیصلوں کو مسترد کرتے ہویا نہیں؟پونے دومہینوں میں عوام پاکستان کی تقدیر بدل دیں۔عوام 25جولائی کا فیصلہ آج ہی کرلیں،جیسے 70سال سے پاکستان چل رہا ہے ۔ اس کو اب بدلنا ہے۔