آزادخطہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لوکل گورنمنٹ کی ترقیاتی سکیمیں 100 فیصد زمین پر نظر آرہی ہیں‘خطہ کی تعمیروترقی پر مسلم لیگ ن یقین رکھتی ہے ‘آزادکشمیر کے 10 اضلاع میں سولر سسٹم کے ذریعے سٹریٹ لائٹس منصوبہ جلد شروع کرینگے ،ڈیتھ اور برتھ سرٹیفکیٹ کو کمپیوٹرائز کرانے کیلئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں

آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 30 مئی 2018 22:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان نے کہاہے کہ آزادخطہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لوکل گورنمنٹ کی ترقیاتی سکیمیں 100 فیصد زمین پر نظر آرہی ہیں،خطہ کی تعمیروترقی پر مسلم لیگ ن یقین رکھتی ہے ،آزادکشمیر کے 10 اضلاع میں سولر سسٹم کے ذریعے سٹریٹ لائٹس منصوبہ جلد شروع کرینگے ،ڈیٹھ اور برتھ سرٹیفکیٹ کو کمپیوٹرائز کرانے کیلئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، نادرہ سے معاہدہ کرکے منصوبہ کاآغاز یونین کونسل سطح پر کرینگے ،لوکل گورنمنٹ میں کرپشن کیخلاف کام کررہے ہیں،لوکل گورنمنٹ نیلم کے پائپ گھپلوں کانوٹس لے لیاہے ،زمہ داران سے رپورٹ طلب کی ہے جو فی الحال وزارت کو موصول نہیں ہوئی ، ریمائنڈر کے باوجود جواب نہ آنے پر ملوث آفیسران / اہلکاران کیخلاف سخت کارروائی کرینگے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان نے کہاہے کہ 2 ارب 5 لاکھ کابجٹ 28 جون سے پہلے زمین پر لگائیں گے ، اگر کسی دوسرے محکمہ میں لیپس ہونے والا بجٹ آج بھی ہمیں ملے تو ہمیں لوکل گورنمنٹ کے پلیٹ فارم سے زمین پر لگانے کی پوزیشن میں ہیں۔

(جاری ہے)

لوکل گورنمنٹ کی جملہ ٹیم باصلاحیت ہے، اخبارات میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کیخلاف شائع ہونیوالی خبروں کانوٹس لیتے ہیں۔ نیلم ویلی میں پائپوں کے گھپلوں کانوٹس لیکر جواب طلب کیاہے اور جواب کی تاخیر پر یاداشت لیڈر بھی بھجوایاہے ۔ اگر مثبت جواب نہ ملاتو کرپشن میں ملوث تمام اہلکاران کو سخت سزاکے عمل سے گزر نا پڑیگا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ آئندہ کے بجٹ کیلئے ترقیاتی سکیمیں ایم ایل ایز سے جولائی میں طلب کرینگے ، ایم ایل اے کی جانب سے موصول ہونیوالی فہرست کو محکمہ موقع پر جاکر چیک کریگا۔

جہاں ضرورت ہوتو وہ پراجیکٹ لگائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یونین کونسل سطح پر ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل کوترقیاتی سکیموں کیلئے 5ملین رقم اداکردی گئی ہے ۔ تاکہ یونین کونسل سطح پر ہونیوالی تعمیر وترقی یقینی بنائی جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ آزادکشمیر میں پہلی مرتبہ ڈیٹھ اور برتھ سرٹیفکیٹ کو کمپیوٹرائز کرانے کیلئے نادرہ سے معاہدہ کریگی جس کیلئے 200ملین روپے رکھے گئے ہیںجبکہ تمام اضلاع کی سولر انرجی سٹریٹ لائٹس کیلئے 10 ملین روپے مختص ہیں خطہ کوروشن کرنے کیلئے سولر ٹیکنالوجی کی خدمات حاصل کرکے آزادکشمیر کے شہروں سے اندھیروں کو ختم کرینگے انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کابجٹ 2018-19 تا ریخ ساز بجٹ ہے ۔

کشمیر کونسل کے خاتمہ سے آزادکشمیر کے عوام اور ایوان دونوں بااختیار ہونگے جس کاکریڈیٹ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو جاتاہے ۔