مظفرآباد پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن‘ مختلف علاقوں سے آئے 26 بھکاری اور ٹھیکیدار گرفتار

پیر 4 جون 2018 18:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) صدر پولیس اسٹیشن مظفرآباد کا پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن۔ پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئیہوئے 26 بھکاری اور بھکارن اور ان کے ٹھیکیدار گرفتار۔مقدمات درج۔ عوامی حلقوں کا جرائم پیشہ بھکاریوں کے خلاف کاروائی پر صدر پولیس اسٹیشن کی ٹیم کو مبارک باد۔ راشد حبیب SHO صدر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مسعود الرحمن ڈپٹی کمشنر، راجہ اکمل خان SSP مظفرآباد اور محمد ریاض SDPO سٹی کی ہدایت پر صدر پولیس اسٹیشن کے افیسران میر منیر احمد اور محمد شفیق دیگر نفری پر مشتمل پولیس ٹیموں نے گوجرہ، بالا پیر، سماں بانڈی اور بیلہ نور شاہ میں کاروائی کرتے ہوئیشیخوپورہ، وزیرآباد، گجرانوالہ اور لاہور سے تعلق رکھنے والے 26 پیشہ ور بھکاری مرد اور خواتین اور ان کے ٹھیکیداروں کو گرفتار کر کے بند حوالات کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آزاد پینل کوڈ کے دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ان پیشہ ور بھکاریوں کو رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی کاروائی کی جارہی ہے۔ عوامی اور سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی نے جرائم پیشہ بھکاریوں اور انکے ٹھیکیداروں کے خلاف گرینڈ آپریشن پر صدر پولیس اسٹیشن کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اور مطالبہ کیا ہے کہ دیگر تھانوں کی حدود میں بھی فوری آپریشن کا آغاز کیا جائے۔