وادی لیپہ کرناہ کے عوام کا آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں علیحدہ نشست کا مطالبہ

منگل 5 جون 2018 16:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) وادی لیپہ کرناہ کے عوام نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں علیحدہ نشست،لیپا کرناہ ٹنل ورکنگ کمیٹی قائم کر کے تین ماہ کے اندر اندر ٹنل کا سنگ بنیاد ،نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کی طرح کرناہ ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام سمیت سیاحت کے حوالہ سے لیپا کرناہ کو بطور ماڈل ویلی متعارف کروانے کا مطالبہ کردیا۔

گزشتہ روز لیپا کرناہ کے زعماء ، سینئر کارکنان، طلباء کے اعزاز میں افطار ڈنر سے شوکت جاوید میر، سید اشتیاق حسین بخاری ایڈووکیٹ، پروفیسر عبدالرحمان عباسی، منصور قریشی، راجہ اقبال ایڈووکیٹ، شامی پیرزادہ، سید امتیاز شاہ، عبدالرحمان اعوان، عاطف گیلانی، سعید اختر اعوان، عثمان صدیق و دیگر کا خطاب، اعلامیہ جاری ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وادی لیپا کرناہ کے زعماء سینئر کارکنا، طلباء کے اعزاز میں مصطفائی ماڈل سکول میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں وادی لیپا کرناہ سے بڑی تعداد میں عمائدین ، طلباء نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آزادکشمیر اسمبلی میں میں چار نئے حلقہ جات کا جو اضافہ ہوا ہے اس میں ایک حلقہ لیپا کرناہ کا شامل کیا جائے۔ وادی لیپا کے مخصوص جغرافیائی، موسمی ، علاقائی اور سرحدی حالات کی بناء پر لیپا کرناہ کو اسمبلی میں الگ نشست کا درجہ دیکر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان لیپا کرناہ کی عوام کیساتھ 2009 میں اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کریں۔

انہوں نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے لیپا کرناہ ٹنل کیلئے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے اس حوالہ سے لیپا کرناہ ٹنل ورکنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے تین ماہ کے اندر ٹنل کا سنگ بنیاد رکھا جائے۔ انہوںنے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کی طرح لیپا کرناہ ڈویلپمنٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے۔

اندرون لیپا کرناہ سڑکا ت کو پختہ کیا جائے۔ سیاحت کے حوالہ سے لیپا کرناہ کو طور ماڈل ویلی متعارف کروایا جائے۔ سدھ پورہ تا ٹیٹوال سابقہ قدیمی راستہ کی بحالی کیلئے خارجہ سطح کے مذاکرات کا حصہ بنایا جائے۔ رولرہیلتھ سینٹر لیپا کو تحصیل ہیڈ کواورٹر اسپتال کا درجہ دینے کیساتھ ساتھ مطلوبہ سٹاف کی فراہمی کویقینی بنایا جائے۔ ویلی کے کالجز میں سائنس کلاسز کے اجراء کیساتھ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیساتھ ساتھ کالجز کیلئے بسوں کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔

سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارات کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے لیپا کرناہ کو حلقہ کے مساوی فنڈز مہیا کیئے جائیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ وادی لیپا کرناہ کے عوام اجتماعی مسائل کے حل کیلئے یکجا ہیں اور وادی لیپا کرناہ کے عوام کے بنیادی ضروری مطالبات ہیں جن پر عملدرآمد کیلئے حکومت آزادکشمیر اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :