یونیورسٹیاں کسی بھی ریاست کے پالیسی ساز ادارے ہوتے ہیں اور ریاستی ترقی میں انکا کلیدی کردار ہوتا ہے‘وزیراعظم

نوجوان نسل سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے سامنے لائیں‘راجہ فاروق حیدر

بدھ 6 جون 2018 14:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹیاں کسی بھی ریاست کے پالیسی ساز ادارے ہوتے ہیں اور ریاستی ترقی میں انکا کلیدی کردار ہوتا ہے ۔ نوجوان نسل سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے سامنے لائیں ۔

سوشل میڈیا کو ذاتیات کے بجائے قوم کی ذہنیت کو تعمیر کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہے ۔ طلبہ و طالبات اپنے اندر خود اعتماد ی پید ا کریں ہم کسی سے کم نہیں ۔ ہماری نوجوان نسل کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی آزاد کشمیر کی ساری جامعات سے قدیم یونیورسٹی ہے اس کا انٹرنیشنل سطح پر ایک معیار قائم کریں گے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر جلد ڈیجیٹل سائبر ورلڈ میں داخل ہو جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی اور پروفیسر ڈاکٹر اظہر سلیم نے بھی خطاب کیاجبکہ تمام شعبہ جات کے ڈین، فیکلٹی اور طلبہ و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ طلبہ وطالبات ہمارا مستقبل ہیں آپ نے ہی اس قوم کو آگے لے کر جانا ہے اس میں مثبت سوچ پید ا کرنی ہے ۔ آج سوشل میڈیا کو منفی انداز میں استعمال کیا جارہا ہے جسکی وجہ سے معاشرے میں بے پناہ مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ لوگوں کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی جانب راغب کریں ۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا لوگوں کی نجی زندگی کے بارے میں تبصرے کرنے کے لیے نہیں ہے بلکہ اسکو قومی ایشوز کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ہمیں کسی کی ذاتی زندگی سے سرو کار نہیں ہونا چاہیے ۔ الزام تراشی کی سیاست کے خلاف ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی کا ریاست کے اندر اپنا معیار ہے اسکے تمام مسائل حل کریں گے اور اسکے کیمپسز میں تمام سہولیات فراہم کریں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یونیورسٹیاں ریاست کی بنیاد ہوتی ہیں اور پالیسی سازی کا کام سرانجام دیتی ہیں ۔ تمام ادارے یونیورسٹیوں سے ہی بنتے ہیں اس لیے ان کے معیار کی بہتری ضروری ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ طلبہ وطالبات اپنے اپنے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے قوم کے لیے ایک ٹرینڈ سیٹ کریں تاکہ ہماری قوم کی درست سمت میں رہنمائی ہو سکے اور یہ ترقی کی منازل طے کر کے دیگر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑی ہو سکے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا اس وقت میں آنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ وزیر اعظم نے ایکٹ 74میں ترمیم کر کے ریاستی تشخص کو بحال کردیا جس پر ساری کشمیری قوم انکی شکر گزار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم آئندہ بھی ایسے ہی جرات مندانہ اقدامات کرتے رہیں گے جس سے ریاست کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم نے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے ۔