شہبازشریف کا کراچی کے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اندرون سندھ نوازشریف کی بہت گڈول ہے، وہاں لوٹ مار کے سوا کوئی کام نہیں ہوا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 10 جون 2018 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کراچی کے تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں لوٹ مار کے سوا کوئی کام نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کو کراچی کے تین اہم حلقوں سے الیکشن میں کھڑا کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا، شہبازشریف این اے 248 249،250سے الیکشن لڑیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں مسلم لیگ( ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری سلیم ضیا نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں، امکان ہے کہ پیرکومذکورہ تین حلقوں سے کاغذات جمع کرائیں گے۔دریں اثناسابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اندرون سندھ نوازشریف کی بہت گڈول ہے، وہاں لوٹ مار کے سوا کوئی کام نہیں ہوا۔سندھ کے علاوہ کے پی میں بھی بہت گڈول ہے لیکن ہم نے وہاں انٹری دیر سے ڈالی، کے پی میں سندھ کے مقابلے میں مقامی قیادت نے سنبھالا دیا، کراچی میں آپ دو ڈھائی سال پہلے قدم رکھتے توصورتحال مختلف ہوتی، آپ کا جو فیصلہ ہوگا اسے قبول کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ بات سب کو سامنے رکھنی چاہیے کہ نوازشریف پارٹی کے قائد ہیں، پارٹی ٹکٹ سے متعلق جو فیصلہ ہوگا اس پرپابند ہوں۔