حکمران کشکول توڑ کر پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں ،آزاد اور خودمختار پاکستان ہی کشمیریوں کے حقوق کا محافظ بن سکتا ہے،حافظ محمد سعید

اتوار جون 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2018ء) جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حکمران کشکول توڑ کر پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں ۔آزاد اور خودمختار پاکستان ہی کشمیریوں کے حقوق کا محافظ بن سکتا ہے۔ بھارت سے دوستی کی پینگیں پروان چڑھانے کیلئے تحریک آزادی کی کمر میں خنجر گھونپا گیا۔

بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو گاڑیوں کے ٹائروں تلے روندرہی ہے ۔جنگ بندی ڈرامہ کے باوجود نہتے کشمیریوں کا قتل عام اسی طرح جاری ہے۔ تحریک آزادی کشمیر جاری ہے اور جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ کے مقامی ہال میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مقامی سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعدادموجود تھی۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید نے کہا کہ بیرونی قوتیں مختلف جیلوں بہانوں سے مسلم ممالک میں بدامنی وانتشار پھیلا رہی ہیں ۔ مسلم ممالک کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد کرکے اسلام کو مضبوط کرنا ہے ۔ پاکستان اللہ کی نعمت ہے جس کی بنیادوں میںلاکھوں شہداء کاخون شامل ہے ۔آج اسلام دشمن قوتیں اسے کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ جماعةالدعوة کی سیاسی اور ریلیف سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اوردہشت گرد بھارت کو شہ دی جارہی ہے۔

مسلمانوں کے حقوق کی بات کرنے والا دنیا میں کوئی نظر نہیں آتا۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت بدترین ریاستی دہشت گرد ی کامرتکب ہورہاہے ۔۔پاکستان کوکشمیر کامسئلہ بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے اٹھانا چاہیے اور اس سلسلہ میں سفارتی سرگرمیوں کو تیز کرنا چاہیے۔ انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت سرکار دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن مسلمانوں سمیت اقلیتیں یہاں محفوظ نہیں ہیں۔ گائے ذبیحہ کے بہانے نہتے مسلمانوں کا خون بہا یا جارہا ہے۔ بی جے پی کی دہشت گردی دن بدن بڑھی جارہی ہے اور سازش کے تحت مسلم کش فسادات کو فروغ دیا جارہا ہے۔ بین الاقوامی دنیا کو چاہیے کہ وہ بھارت سرکار کی دہشت گردی کا نوٹس لے اور اس کاظلم و دہشت گردی روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت سرکار کا کشمیر میں سیز فائر ڈرامہ تحریک آزادی پر بہت بڑا حملہ ہے۔بندوق کی طرح بھارتی سیاست بھی کشمیر میں دفن ہو جائے گی۔ ہم بھارت سے مذاکرات کے مخالف نہیں لیکن اس کے دہشت گردانہ کردار کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔ انڈیا کشمیری قیادت کو دھوکہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔قرآن میں اللہ کا حکم ہے کہ جب دشمن قوتیں جنگ کے میدان میں مسلمانوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کریں تو ان پر فرض ہے کہ وہ مقابلہ میں ڈٹے رہیں۔

ہم سب کا موقف وہی ہونا چاہیے جو قرآن نے بیان کیا ہے۔ کشمیر کی آزادی انڈیا کی بربادی ثابت ہو گی۔ کشمیری سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں اور پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔ صدیوں کی تاریخ گواہ ہے کہ جہاں مسلمان میدانوں میں محض اللہ کی رضا کی خاطر قربانیاں پیش کریں وہ خطہ کبھی غلام نہیں رہ سکتا۔ شہداء کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی حفاظت حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور امت کو متحدو بیدار کرنے کی کوشش کریں۔