جن افسران نے گاڑیاں واپس نہیں کیں وہ رات بارہ بجے تک واپس کریں،چیف جسٹس

پیر 11 جون 2018 20:05

جن افسران نے گاڑیاں واپس نہیں کیں وہ رات بارہ بجے تک واپس کریں،چیف جسٹس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں استحقاق سے زائد گاڑیوں کے استعمال کے خلاف ازخود کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ جن افسران نے گاڑیاں واپس نہیں کیں وہ رات بارہ بجے تک واپس کریں ۔ گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افسران آج عدالت میں پیش ہوں ۔ کیس کی سماعت پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ محکمہ ایرا کے پاس 12 اضافی گاڑیاں ہیں جو واپس نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے محکمہ ایرا کے سربراہ کو آج ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیشنل بنک آف پاکستان سے تمام گاڑیاں واپس لے لی گئی ہیں ۔ دو گاڑیاں لاپتہ ہیں جن سے متعلق مقدمات درج کروا دئیے ہیں ۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے ان گاڑیوں کو تباہ نہیں ہونے دینا ۔تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز ان گاڑیوں سے متعلق فیصلہ کریں ۔ کسٹم حکام نے جو گاڑیاں پکڑی ہیں ان کی نیلامی کریں اور رقم قومی خزانے میں جمع کروائیں ۔ عدالت نے ازخود نوٹس پر مزید کارروائی 26 جون تک ملتوی کر دی۔