آزادکشمیر میں تمام قبائل عزت و احترام کامقام رکھتے ہیں ،ْراجہ محمد فاروق حیدر

سدھن قبیلے کی تحریک آزادی کشمیر ،جمہوریت اور ریاستی رٹ کی بحالی کیلئے لازوال قربانیں ہیں جنہیں ہم فراموش نہیں کر سکتے ،ْوزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 12 جون 2018 16:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں تمام قبائل عزت و احترام کامقام رکھتے ہیں ،بالخصوص و اکابرین جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔ آزادکشمیر میں سدھن قبیلے کی تحریک آزادی کشمیر ،جمہوریت اور ریاستی رٹ کی بحالی کیلئے لازوال قربانیں ہیں جنہیں ہم فراموش نہیں کر سکتے ۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کا نام تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ مجھے اس بات پر فخرہے کہ ہمارے آبائو اجداد نے ان کے ساتھ ملکر پچاس کی دھائی میں ایک بھرپور جدوجہد شروع کی جس کے نتیجہ میں قانون ساز اسمبلی وجود میں آئی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں تمام قبائل نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا لیکن سدھن قبیلے کی جدوجہد تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بڑی نمایاں رہی ہے ، چند عناصر جن کا تعلق خواہ کسی برادری سے ہو ان کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی بھی برادری کے خلاف ہرزہ سرائی کریں اور ان اکابرین کے خلاف با ت کریں جنہوںنے تحریک آزادی کشمیر میں نمایا ںکردار ادا کیا۔

انہوںنے کہاکہ حکومت تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات سرانجام دینے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ان میں غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان اور دیگر سرفہرست ہیں ۔