متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم نے یو اے ای کے سفارت خانے کے تعاون سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں 1650مستحق خاندانوں میں رمضان اور عید پیکج کی تقسیم کا ہدف پورا کرلیا

بدھ 13 جون 2018 15:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم نے یو اے ای کے سفارت خانے کے تعاون سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں 1650مستحق خاندانوں میں رمضان اور عید پیکج کی تقسیم کا ہدف پورا کرلیا ہے ۔مظفرآباد میں گورنمنٹ علی اکبر اعوان ماڈل ہائی سکول میں منعقدہ تقریب کے دوران محمد بن راشد آل مکتوم آزاد کشمیر کے ریجنل منیجئر انجنیئر عبدالرؤف اور کفایت اللہ نے 110مستحق خاندانوں میںآٹا،چاول،دال،چینی،پتی،گھی اور کھجوروں کے پیکٹ تقسیم کیے دو روز قبل پائلٹ ہا ئی سکول مظفرآباد میں 310خاندانوں میں رمضان اور عید پیکج تقیسم کیا گیا۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا ،نکہ شکر پٹیاں اور مظفرآباد شہر میں بیوہ خواتین،یتیم بچوں،معذور اور مستحق افراد میں عیدا لفطر سے قبل پیکج تقسیم کر کے متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم نے حقدار تک حق پہنچانے اور دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے عید پیکج کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجنیئر عبدالرؤف اور کفایت للہ نے کہا کہ پاکستان میں یو اے ای کے سفار ت خانے اسلام آباد کے ڈائریکٹر قونصلیٹ الشیخ علی المنصوری اور ممبر رفاعی کمیٹی الشیخ عبداللہ الکعبی کے تعاون سے محمد بن راشد آل مکتوم نے اسلام آباد ،پشاور،ہٹیاں بالااور مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں 1650مستحق خاندانوں میں رمضان اور عید پیکج تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا جو آج اللہ کے فضل وکرم سے مکمل کرلیا گیا اور آئندہ بھی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنی استطاعت کے مطابق بیوہ خواتین ،معذور افراد اور یتیم بچوں کی مدد کریں ۔