آزاد کشمیر دنیا کا واحد خوش نصیب خطہ ہے جہاں مکمل مذہبی ہم آہنگی رواداری اور برداشت کی حسین فضا قائم ہے ‘یہ ہمیں اکابر سے ورثہ میں ملا ہے‘ شیخ الحدیث علامہ یوسف خان ،پیر عتیق الرحمن ،پیر علاوالدین صدیقی داعی اتحاد امت تھے

جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر کے امیر علامہ سعید یوسف کی بات چیت

جمعہ 22 جون 2018 16:14

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر کے امیر علامہ سعید یوسف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر دنیا کا واحد خوش نصیب خطہ ہے جہاں مکمل مذہبی ہم آہنگی رواداری اور برداشت کی حسین فضا قائم ہے اور یہ ہمیں اکابر سے ورثہ میں ملا ہے ۔ شیخ الحدیث علامہ یوسف خان ،پیر عتیق الرحمن ،پیر علاوالدین صدیقی داعی اتحاد امت تھے ۔

ان کی دین اسلام کے لیے خدمت نا قابل فراموش ہیں ہم ان کے نصب العین کے امین ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ باغ کے دوران جمعیت علماء جموں کشمیر کے نو منتحب صدرعلامہ امتیاز احمد صدیقی سے مقامی ریسٹ ہائوس میں خصوصی ملاقات کے دوران جمعیت علماء اسلام ،جمعیت علماء جموں کشمیر کے عہدیداران اور صحافیوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مولانا امتیاز احمد صدیقی کو جمعیت علماء جموں کشمیر کے صدر بننے پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مولانا امتیاز احمد صدیقی عالمانہ مخلمانہ ،مصلحانہ مثبت تعمیری سوچ رکھتے ہیں ۔یہ سوچیں اکھٹی ہوں تو خوبصورت ماحول تشکیل پائے گا جسکی مہک آزاد کشمیر پاکستان بلکہ دنیا بھر میں محسوس ہو گی ۔پاکستان میں آمدہ انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے ) کے قیام کے حوالہ سے گفت و شنید ہو گی اور اس کو آزاد کشمیر میں فعال کرنے کی کوشش ہو گی ۔

دینی وزن ایک پلڑے میں ہو گا ۔ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے مسلمان بھائی جس کرب اور درد سے گزر کر تحریک آزاد کشمیر کو جاری رکھے ہوئے ہیں اس کے لئے ہم اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ حریت قیادت جب بھی ہمیں کوئی کال دے گی ہم انشاء اللہ اس کال لبیک کہیں گے ۔اس موقع پر جمعیت علماء جموں کشمیر کے جنرل سیکرٹری مولانا امتیاز عباسی ، سیکرٹری اطلاعات مولانا شوکت عارف قادری ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل (جے یو آئی )آزاد کشمیر قاری اشرف علی ، مولانا عطاء الرحمن ، مولانا دائود ، مولانا جاوید شجاع ، مولانا زبیر ، سردار سہراب ، مولانا مقصود توحیدی ، مولانا طاہر اسماعیل ، سائیں ابراہیم قادری ، صاحبزادہ ندیم عباسی و دیگر بھی موجود تھے ۔

جمعیت علماء جموں کشمیر کے صدر مولانا امتیاز احمد صدیقی نے کہا کہ مشترکہ د ینی کاز مذہبی تشخص غلبہ دین اور مشترکات کے لیے جدوجہد اتحاد و اتفاق کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ عقیدہ ختم نبوت کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور آپس میں مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رہے گا بہت جلد جمعیت علماء جموں کشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ و شوراء کا اجلاس بلا کر مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی ۔تمام دینی سیاسی قوتوں سے مشاورت بھی کی کریں گے ۔ملک میں نظام مصطفٰی کے نفاذمقام مصطفی کے تقدس کے تحفظ تحریک آزاد کشمیر استحقام پاکستان کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔