پانچ سال تک عوام سے جھوٹ بولنے والوں کا یوم حساب قریب آچکاہے، میاں افتخار حسین

جمعہ 22 جون 2018 21:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پانچ سال تک عوام سے جھوٹ بولنے والوں کا یوم حساب قریب آچکاہے مخالفین اے این پی کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں، لیکن پختون ان کی حقیقت جان چکے ہیں اقتدار میں آکر خالی خزانے کو دوبارہ بھریں گے بیرونی سرمایہ کاروں کو لائیں گے ، آئل ریفارمراوربجلی پیداوار کے منصوبے شروع کریں گے، ان خیالات کا اظاہر انہوں نے پی کے 65میں انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر منعقدہ شمولیتی تقاریب ، تارجبہ میں الیکشن آفس کے افتتاح اور جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ان مواقع پر پی ٹی آئی کے مغل شیر اور رحم شیر سمیت اہم شخصیات اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بڑی تعداد میں افراد نے اے این پی میں شمولیت اختیار کی اورحلقہ میں میاں افتخار حسین کی حمایت کا اعلان کیا ، میاں افتخار حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں خوش آمدید کہا اور کہا کہ کاغذی لیڈروں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے تبدیلی کے نام پر سادہ پختونوں کو دھوکہ دیاگیااوران کے 5 قیمتی سال ضائع کردیئے ، انہوںنے کہاکہ تبدیلی والے میٹرو بس منصوبے پر صوبوں کے عوام کو اربوں روپے کا مقروض چھوڑکرچلے گئے، میاں افتخار حسین نے کہا کہ حلقہ کے عوام اپنے حقوق کے محافظوں کو پہچانیں اور 25جولائی کو اے این پی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ، انہوں نے کہا کہ معاشرے کی کردار سازی میں خواتین کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا حلقہ میں خواتین کی کمیٹیاں بھی بنائی جائیں تاکہ ووٹنگ کیلئے ان میں شعور اجاگر کیا جائے ، انہوں نے نواز شریف کی اہلیہ کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور کہا کہ نواز شریف نے پختونوں کے ساتھ فاٹا انضمام اور سی پیک پر دغا بازی کی جس کی سزا انہیں نا اہلی کی صورت میں ملی تاہم پختونوں کو پنجابی عوام کی اپنے لیڈروں کی رغبت سے سبق سیکھنا چاہئے اور اپنے حقوق کے محافظ صحیح رہنماؤں کا انتخاب کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کو بھائی تسلیم کرتے ہیں البتہ پنجاب بھی ہمیں اپنا بھائی مانے اور غلامی کا تصور ختم کرے ، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کپتان پختونوں کے وسائل غصب کر کے پنجاب کے ووٹ بنک کیلئے استعمال کرتے رہے ، پختونوں کے لیڈر وہ بن نہیں سکے اور پنجاب والے انہیں اپنا لیڈر مانتے نہیں ، انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ عوام اپنی آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے اے این پی کے ہاتھ مضبوط کریں ، میاں افتخار حسین نے حلقہ میں سیاسی رشوت کے طور پر ٹرانسفارمر اور پمپ کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اس بات کا نوٹس لے ، سابق نمائندے عوام کو ورغلانے کیلئے الیکشن سے قبل سیاسی رشوت کے طور پر وسائل لٹا رہے ہیں لیکن پختون قوم جاگ گئی ہے اور25جولائی کو اپنے ووٹ کی طاقت سے نام نہاد تبدیلی والوں سے بدلہ لیں گے۔