ملافضل اللہ انتہائی خطرناک دہشت گرد،ختم کرنے میں امریکا کاکلیدی کرداررہا،جیمز میٹس

ملالہ یوسفزئی اورپشاورآرمی پپلک سکول پرحملے میں ملافضل اللہ ملوث،پاک آرمی نے سوات کو دہشت گردوں سے پاک کیا،گفتگو

جمعرات 28 جون 2018 13:46

ملافضل اللہ انتہائی خطرناک دہشت گرد،ختم کرنے میں امریکا کاکلیدی کرداررہا،جیمز ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2018ء) امریکی سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے امریکی فورسز کی جانب سے کالعدم تحریک پاکستان طالبان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملافضل اللہ کی ہلاکت پر پاکستان کو احساس دلا دیا ہے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے دہشت گرد کو ختم کرنے میں واشنگٹن کا کلیدی کردار رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پینٹا گون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد بھیجا جائے گا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ امریکی فورسز نے ہی ٹی ٹی پی کے سربراہ کو نیست و نابود کیا ہے۔سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے ناصرف فضل اللہ کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے کی تصدیق کی بلکہ یہ بھی وضاحت کی کہ امریکا کے لیے یہ عمل کتنا ضروری تھا۔

(جاری ہے)

سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے فضل اللہ کو خطرناک دہشت گرد قرار دیا جس نے سانحہ پشاور اسکول 2014 میں قتل و غارت کا حکم دیا۔

جمیس میٹس نے کہا کہ فضل اللہ کے آدمیوں نے اسکول جانے والے بچوں اور اساتذہ کو جان سے مارا اور سوات میں دہشت کی لہر قائم کی۔ان کا کہنا تھا کہ میں ایک مرتبہ سوات گیا، وہ جگہ اتنی خوبصورت ہے کہ دنیا کے کسی خطے میں اس جیسا حسن نہیں ملے گا، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ فضل اللہ نے خطے کو جہنم میں بدل دیا تھا لیکن پھر پاکستان آرمی نے سوات کو دہشت گردوں سے پاک کیا جنہوں نے اپنی رٹ برقرار رکھنے کے لیے لوگوں کی گردنیں اڑائیں۔جیمس میٹس نے بتایا کہ ملالہ یوسفزئی پر حملے میں فضل اللہ شامل تھا۔