ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم،

لاہورہائیکورٹ نے شاہد خاقان عباسی کو این اے 57 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

جمعہ 29 جون 2018 15:40

ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ان کے آبائی حلقے این اے 57 مری سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم کی اپیل پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ابتدائی حکم میں شاہد خاقان عباسی کے کاغذات مسترد کرنے کا ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی۔

واضح رہے شاہد خاقان عباسی نے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف خواجہ طارق رحیم کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز اپیل کی تھی۔سابق وزیراعظم نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ ایپلٹ ٹریبونل نے اختیارات سے تجاوز کیا، ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ساتھ ہی انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی تھی۔