پاکستان بھر میں پہلا بلامقابلہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے،یہ خوشی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور اپنے والد میر ہزار خان بجارانی مرحوم کے نام کرتا ہوں،پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے تمام تر تحفظات کو دور کیا

حلقہ پی ایس 6 کشمور سے بلامقابلہ منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی میر شبیر علی بجارانی کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعہ 29 جون 2018 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 کشمور سے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی میر شبیر علی بجارانی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے تمام تر تحفظات کو دور کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پی ایس 6 کشمور سے بلامقابلہ منتخب ہونے کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پہلا بلامقابلہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور اپنے والد میر ہزار خان بجارانی مرحوم کے نام کرتا ہوں اور پارٹی قیادت کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنے حلقے کے عوام کی بھرپور خدمت کروں گا۔