تحریک لبیک یارسول الله ؐ کامیاب ہوکر ساہیوال کے عوام کو مایوس نہیں کرے گی ،میاں خالد صدیق کامیانہ

اتوار 1 جولائی 2018 22:50

ساہیوال ۔یکم جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) تحریک لبیک یارسول الله ؐ کے امیدوار حلقہ این اے 147 میاں خالد صدیق کامیانہ نے کہاہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنایا گیاہے اور خداد داد سلطنت میںاسلامی قانون نافذ کرنے کیلئے تحریک لبیک یارسول الله ؐجماعت کو سیاسی میدان میں اترنا پڑا۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان حاصل کرنے کے بعد آج تک تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے بینک بیلنس ‘بیرون ممالک جائیدادیں بنانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی حکومت نے ختم نبوتؐ حلف نامہ میں تبدیلی کرکے اپنا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم سب مسلمان ہیں اور ہم سب کا ختم نبوت ؐپر ایمان ہے۔ حلقہ میں میرے مخالفین 10سال سے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں مگر آج تک شہر میں دین اسلام یا عوام کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے پاس اب وقت ہے کہ وہ ختم نبوتؐ کے حلف نامہ میں تبدیلی کرنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کا بائیکاٹ کرکے ان سے بدلہ لیں۔ انشاء الله تحریک لبیک یارسول الله ؐ کامیاب ہوکر ساہیوال کے عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور ان کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات کام کریگی۔