Live Updates

کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا بیان پارٹی پالیسی نہیں، ذاتی رائے ہوسکتی ہے . سلمان اکرم راجہ

ایسا منصوبہ جس پر دو صوبوں کے تحفظات ہوں یہ وفاق کیلئے اچھا نہیں ہے، صدارتی نظام کی بات ہماری پارٹی کی ہرگز پالیسی نہیں ، یہ بیان وزیراعلی کے پی کا میری نظر سے نہیں گزرا، ایسا ہوا تو میں ان سے پوچھوں گا .تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 3 ستمبر 2025 14:11

کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا بیان پارٹی پالیسی نہیں، ذاتی رائے ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 ستمبر ۔2025 )پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا کالاباغ ڈیم سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، پارٹی پالیسی نہیں جبکہ ارتی نظام کی بات بھی ہماری پارٹی کی ہرگز پالیسی نہیں ہے . انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر پارٹی پالیسی واضح ہے، سندھ اور کے پی کے تحفظات ہیں، ایک ایسا منصوبہ جس پر دو صوبوں کے تحفظات ہوں یہ وفاق کیلئے اچھا نہیں ہے، جب تک تمام فریقین اس پر متفق نہ ہوں اور سیاسی ہم آہنگی نہیں ہوتی ایسا کوئی منصوبہ قابل عمل نہیں .

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے، ایسے میںصدارتی نظام کی بات ہماری پارٹی کی ہرگز پالیسی نہیں ہے، یہ بیان وزیراعلی کے پی کا میری نظر سے نہیں گزرا اگر ایسا ہوا تو میں علی امین گنڈا پور سے پوچھوں گا . ان کا کہنا تھا کہ یہ پارلیمان آئینی ترمیم نہیں کر سکتا یہ فارم 47 کی پیداوار ہے، پارلیمانی نظام کے بجائے صدارتی نظام رائج ہو ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا یہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں .

انہوں نے کہا کہ ہمارے کے خلاف جھوٹے اور جعلی کیسز درج کلئے گئے ہیں، جن کا کوئی ثبوت موجود نہیں، اس کے باوجود سزائیں سنائی جا رہی ہیں عدالتوں میں سماعت موخر کی جاتی ہے اور مقدمات کو لٹکایا جا رہا ہے بڑی عدالتوں کو ایسے معاملات پر ریلیف دینا پڑتا ہے، اگرچہ میں لفظ امید استعمال نہیں کرتا لیکن کئی بار عدلیہ کی مجبوری کے باعث ریلیف مل جاتا ہے .

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر میں نے لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی میٹنگ بلائی تھی، میٹنگ میں عمران خان کا پیغام پہنچایا گیا کہ اپنی اپنی جیب سے سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کریں، میں خود کل سیالکوٹ سمبڑیال گیا تھا جہاں جہاں ممکن ہو سکتا ہے ہم سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، ہمارے کارکن ہر جگہ پر موجود ہیں .

انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی میٹنگ بلائی گئی، جس میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سب کو اپنی جیب سے تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی میں خود سیالکوٹ اور سمبڑیال گیا اور جہاں ممکن ہے وہاں متاثرین کی مدد جاری ہے، ہمارے کارکن ہر جگہ پہنچ کر ریلیف فراہم کر رہے ہیں . قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق 2 مقدمات کی سماعت ہوئی تاہم جج کی چھٹی کے باعث کارروائی نہ ہو سکی عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر تھانہ صدر حسن ابدال کے تفتیشی افسران سے ریکارڈ طلب کر لیا .
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات