بلاول پر پتھراﺅ دہشت گردی قرار‘حکومت سندھ کی مدعیت میں مقدمہ درج

آج ٹھٹھہ، سجاول،گولارچی، بدین، تلہار، ماتلی ، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد کا دورہ کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 جولائی 2018 12:03

بلاول پر پتھراﺅ دہشت گردی قرار‘حکومت سندھ کی مدعیت میں مقدمہ درج
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02جولائی۔2018ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ کے علاقوں ٹھٹھہ، سجاول،گولارچی، بدین، تلہار، ماتلی ، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد کا دورہ کریں گے، پولیس کی بھاری نفری سیکورٹی کے فرائض انجام دے گی۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سندھ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں آج سب سے پہلے ٹھٹھہ جائیں گے۔

وہ بلاول ہاﺅس کراچی سے قافلے کی صورت میں کراچی اور ٹھٹھہ کے سنگم پر واقع گھگھر پھاٹک پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا۔ریلی دھابیجی، گھارو سے ہوتی ہوئی ٹھٹھہ پہنچے گی جہاں وہ پریس کلب کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ ضلع سجاول کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

سجاول شہرپہنچنے پر بلاول بھٹو کے قافلے کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔

سجاول میں استقبالیہ میں شریک عوام سے خطاب کے بعد بلاول گولارچی اور پھر بدین سے ماتلی پہنچیں گے۔گولارچی بدین تلہار اور ماتلی میں مختصر خطاب کے بعد وہ ٹنڈو محمد خان اور حیدر آباد جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر لیاری میں پتھراﺅ کرنے والے افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق،پیر کو بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر لیاری میں حملے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کلری تھانے میں درج کیا گیا،مقدمے میں 13 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقہ انتخاب این اے 246 لیاری پہنچے اور ریلی کی صورت میں انتخابی مہم کا آغاز کیا۔تاہم جیسے ہی ان کی ریلی بہار کالونی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے قافلے کو روک لیا۔مشتعل مظاہرین نے پیپلز پارٹی کیخلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراﺅکیا اور ڈنڈے بھی برسائے۔