کوئٹہ ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام آج جلسہ عام منعقد ہوگا

پارٹی چیرمین و امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 265وصوبائی اسمبلی پی بی 27 کو ئٹہ 4 عبدالخالق ہزارہ ، سمیت پارٹی کے دیگررہنما خطاب کریںگے

پیر 2 جولائی 2018 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2018ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام آج بروزمنگل سہ پہر 5 بجے علمدار روڈ برمہ سید آباد کے قریب جلسہ عام منعقد کیا جا رہا ہے ،جلسہ سے پارٹی چیرمین و امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 265وصوبائی اسمبلی پی بی 27 کو ئٹہ 4 عبدالخالق ہزارہ ،جنرل سکیرٹری وامیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی بی 26 کوئٹہ 3 احمد علی کوہزاد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 264 محمدرضا اور پارٹی کے دیگررہنما خطاب کریںگے،دراین اثنا پارٹی کے زیر اہتمام چیرمین و جنرل سکیرٹری کی سرپرستی میں عوامی رابطہ مہم کمیٹی نے پی بی26 و پی بی 27 کے مختلف علاقوں کے معززین و معتبرین سے ملاقاتیں کی اور ان کے سامنے پارٹی کی کارکردگی رپورٹ وپارٹی کے انتخابی منشور پیش کی ،انھوں نے کہا کہ پارٹی ایک بڑے مقصد کے حصول کوئٹہ اور صوبے میں آباد تمام اقوام کے درمیان صدیوں سے قائم قومی رشتوں کو مستحکم کرنے ،امن و امان کے قیام ،کاروبار،تجارت و روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کے فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کیلئے خدمت کے جذبے کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت صوبے کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے،تعلیمی انحطاط کا شکار ہیں۔جن تعلیمی اداروں سے قوم کیلئے باصلاحیت ،قابل معماروں کو تربیت ملنی چاہئے وہ ادارے سیاست اور اندرونی خلشار کا شکار ہوکر قوم کی مستقبل کے ساتھ سنگین مذاق کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔کوئٹہ شہر اس وقت 2ملین سے زیادہ آبادی کا شہر بن چکاہے۔یہاں کے شہریوں کو مختلف قسم کے روزمرہ مسائل کا سامنا ہے۔

جس میں ٹریفک کے بحران کی وجہ سے مصروف شاہراہیں گھنٹوں تک ٹریفک جام کی صورتحال کا سامنا کرنے پر مجبور ہے۔ناقص منصوبہ بندی اور شہر کے سڑکوں کی تنگی کی وجہ سے پیدل جانیوالے افراد بھی مسائل کا شکار ہیں۔صحت و آبنوشی شہریوں کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے۔مگر افسوس کا مقام ہے کہ اس وقت پورے کوئٹہ شہر پانی کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔بعض علاقوں میں عوام ہزاروں روپے کے ٹینکر کے ذریعے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

جبکہ سابقہ نمائندے اربوں روپے پانی کی فراہمی و منصوبہ بندی کیلئے خرچ کرنے کے دعوے کر رہے ہیں،لگتاہے کہ یہ منصوبے آسمانوں کیلئے بنائے گئے ہیں۔جہاں پر ڈیم،واٹر اسٹوریج ایسے تعمیر کئے گئے ہونگے کہ اب وہاں سے ایک بوند پانی ہمارے لئے نہیں گر رہا۔گزشتہ حکومتوں سے عوام کی صحت و سلامتی کیلئے اتنا کام بھی نہیں ہوسکا کہ وہ بی ایم سی یا سول ہسپتال میں ایک کارڈیک سینٹر بھی قائم کرتے نہ ہی انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی طرف کسی طرح کی توجہ دی۔

جس کی وجہ سے غریب شہری اور صوبے کے عوام معیار علاج و معالجے کیلئے سندھ و پنجاب کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔یہاں کے بڑے اور مشہور معالجین نے علاج و معالجے کو ایک کاروبار بنا رکھا ہے۔ہر کسی نے ایک ہسپتال قائم کرکے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھاہے،یہ معالجین سرکاری ہسپتالوں میں اپنے فرائض ادا کرنے سے زیادہ نجی ہسپتالوں میں ڈیوٹی دینا پسند کرتے ہیں۔

پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے لاکھوں بچوں اور اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کیلئے کوئی معیاری کھیل کا میدان یا اسٹیڈیم تک موجود نہیں،تفریح کیلئے معیاری عوامی پارک تک نہیں نہ ہی تفریحی مقامات تک عوام کی محفوظ رسائی کیلئے کسی طرح کے اقدامات کئے گئے ہیں۔گزشتہ ادوار میں مسلسل عوام کو نظر انداز کرنے اور انکے لئے کسی بھی مثبت قسم کی سرگرمیاں پیدا نہیں کی گئی جسکی وجہ سے عوام میں احساس محرومی میں اضافہ اور نوجوانوں کی صلاحیتیں متاثر ہوتی گئی۔

پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ایچ ڈی پی کے نامزد امیدواروں کے 25جولائی کے دن کامیابی یقینی ہے۔ہم مثبت سوچ اور سابقہ کارکردگی کے ساتھ عوام کے خدمت میں پیش ہورہے ہیں۔ہم تنگ نظری، قومی پرستی،انتہا پسندمذہبی سوچ کے سخت مخالف ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ شہر کے تمام عوام کے خدمت انجام دیں۔جب کوئٹہ کے ہر گلی و محلہ میں خوشحالی آئے گی تو خود بخود نفرت پھیلانے والوں کا ایجنڈا ختم ہوگا۔

ہم عوام کی معاشی،معاشرتی اور سیاسی خوشحالی پر یقین رکھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ کوئٹہ کے عوام پارٹی کے نمائندوں کو بلاتعصب ووٹ دیکر انہیں خدمت کا موقع دینگے۔اس موقع پر پارٹی کے بیان میں جلسہ عام میں تمام مکاتب فکر ،نوجوانوں،تاجران،محنت کشوں،ٹرانسپورٹروں،طلباء اور خواتین کو بڑی تعداد میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔