Live Updates

پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ میدان خالی ملے لیکن ہم مقابلہ کریں گے،25 جولائی کو ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی گونج ہوگی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 2 جولائی 2018 23:27

پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ میدان خالی ملے لیکن ہم مقابلہ کریں گے،25 جولائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کی جانب سے مختلف اداروں کو شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات اٹھانے کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہیں جو خوش آئند ہے، پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ انہیں میدان خالی ملے لیکن ہم ان کا مقابلہ کریں گے اور 25 جولائی کو ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی گونج ہوگی۔

پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں تو پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے کی سب سے بنیادی شرط یہ ہے کہ سب کے لیے لیول پلینگ فیلڈ ہونی چاہیئے، کسی بھی جماعت کے ساتھ یکطرفہ سلوک نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیئے لیکن اس وقت کی صورت حال یہ ہے کہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) مختلف اداروں کی پیشیاں بھگت رہی ہے اور شائع ہونے والے بین الاقوامی غیر جانبدار تجزیوں میں بھی یہ بات لکھی جا رہی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے بہت سے سوالات نہ صرف بیرون ملک بلکہ اندرون ملک بھی اٹھیں گے اور اگر یہ سلسلہ بند نہ ہو اتو یہ خطرہ بھی ضرور موجود رہے گا کہ ہم ان انتخابات کے بعد کسی نئے سیاسی دلدل میں ہی نہ پھنس جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور سی پیک جیسے میگا منصوبوں کا براہ راست تعلق ملکی سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل پر ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں امید رکھتا ہوں کہ نیب اور عدلیہ کی طرف سے جو سیاسی نوعیت کے مقدمات ہیں ان پر تاریخیں 25 جولائی کے بعد کی دینی چاہیئں، تاکہ کسی قسم کی کوئی ایسی بدگمانی پیدا نہ ہو اور نہ ہی ایسا تاثر پیدا ہو جس سے کوئی یہ گمان کرے کہ انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوئی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تو انتخابی مہم کی شدید ضرورت بھی ہے کیونکہ وہ گزشتہ 5 سال اپنی صوبائی حکومت والے صوبے خیبرپختونخوا میں کچھ بھی کر کے نہیں دکھا سکے، یہی وجہ ہے کہ وہ اب لوگوں میں کوئی نیا دانہ پھینکنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم تو گزشتہ 5 سالوں سے ہی جاری ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی 18,18 گھنٹے غائب رہنے والی بجلی پر قابو پانے کے لیے مناسب اقدامت کیے جس کی بدولت آج ملک بھر میں تقریبا20 سے 22 گھنٹے بجلی آ رہی ہے اور آج ہمارا ہر ووٹر یہ گواہی دے رہا ہے کہ یہ تبدیلی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کراچی سمیت ملک بھر میں امن قائم کیا ہے جبکہ بلوچستان کو قومی دھارے میں لیکر آئے ہیں اور سی پیک جیسے منصوبوں کو حقیقت بنایا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ انہیں میدان خالی ملے لیکن ہم ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور 25 جولائی کو ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی گونج ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات