پارٹیاں بدلنے والے بری طرح ہار جائیں گے،سردار دائودجتوئی

پیر 2 جولائی 2018 23:50

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) ضلع مظفرگڑھ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 186 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار دائود خان جتوئی نے کہا ہے کہ پارٹیاں بدلنے والے اس دفعہ الیکشن میں بری طرح ہار جائیں گے۔علی پور کی عوام اب باشعور ہو چکی ہے۔کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو 25 جولائی کو عوام ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دے گی۔

پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقا ء کیلئے قربانیاں دیتی رہے گی ، جتوئی گروپ نے ترقیاتی کام کرائے ہیں انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ، ہمارے خاندان نے ضلع مظفر گڑھ کے لیئے نہ صرف اراضی وقف کی بلکہ قربانیاں بھی دیں ہیں ، 25 جولائی ہماری کامیابی کا دن ہو گا ، عوام کے بھرپور اعتماد اور تعاون نے ہمارے حوصلے بلند کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بستی پرہار میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ حلقہ میں پیپلزپارٹی کے دور میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانا ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وکٹیں علی پور میں بڑی تیزی سے گرنے لگیں ہیں ۔تبدیلی کے دعویدار عوام کا سامنا نہیں کرسکتے۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سردار یونس خان جتوئی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے انشاء اللہ تینوں سیٹیں جتوئی گروپ ہی جیتے گا ، اس موقع پر پرہار برادری کے سربراہ رائے عاشق حسین پرہار ، رائے قاسم پرہار ، عابد پرہار سمیت برادری کے سینکڑوں لوگوں نے گوپانگ گروپ کو چھوڑ کر جتوئی گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔