Live Updates

نواز شریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈال دئے گئے

نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق وزارت داخلہ نے تصدیق کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 10 جولائی 2018 11:19

نواز شریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈال دئے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد سیکرٹری داخلہ نے سابق وزیرا عظم نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز نے 13 جولائی بروز جمعہ وطن واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر ممکنہ طور پر انہیں گرفتار کر لیا جائےگا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیرا عظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کے لیے ابتدائی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

نیب لاہور کی 2 ٹیمیں اسلام آباد ائیر پورٹ جبکہ 2 ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ پر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ایک ٹیم میں 6 سے 7 نیب کے اہلکار ہوں گے جبکہ پولیس کی مدد الگ ہوگی، نیب ٹیم میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے افسران سمیت نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے۔ نواز شریف کے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کرنے کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے اور سکیورٹی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد نیب لاہور کی حوالات منتقل کرنے اور بعد ازاں انہیں جیل منتقل کرنے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو ممکنہ طور پر لاہور ائیرپورٹ اترتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا اور پھر انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام اباد منتقل کیا جائے گا۔ اسلام آباد لانے کے بعد نواز شریف اور ان کے صاحبزادی مریم نواز کو فوری جیل بھی منتقل کر دیا جائے گا۔

کچھ مصدقہ ذارائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو وطن واپس نہ آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ لیکن نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز وطن واپس آنے پر بضد ہیں، سیاسی مبصرین کے مطابق ان کی ضد الیکشن میں ہمدردی کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے ہے تاکہ وہ جیل جا کر اپنے ووٹرز کی ہمدردی حاصل کر سکیں اور انتخابات میں ان کو فائدہ حاصل ہو۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات