Live Updates

نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی

نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی ڈائریکٹر امجد علی اولکھ کریں گے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 12 جولائی 2018 00:11

نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12جولائی 2018ء) : نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔ نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی ڈائریکٹر امجد علی اولکھ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنا دی گئی ہے۔اس سزا کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11سال قید بامشقت علاوہ 80 ملین پاونڈ جرمانہ جبکہ مریم نواز کو 8 سال قید بامشقت اور 20 ملیں جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے اور دوسری جانب مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اس فیصلے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کی واپسی کے حوالے سے چہ میگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع نواز شریف اور مریم نواز نے ان تمام افواہوں کو مسترد کردیا جن میں یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ وہ وطن واپس نہیں آئیں گے۔اس موقع پر مریم نواز نے 13جولائی کو وطن واپس آنے کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر یہ بحث بھی جاری تھی کہ نواز شریف کس ائیرپورٹ پر اتریں گے،اسلام آباد آئیں گے یا لاہور،انکی گرفتاری کہاں عمل میں لائی جائے گی ،یہ سب اہم ترین سوال تھے جن کے جوابات قوم حاصل کرنا چاہ رہی تھی۔

تازہ ترین معلومات اور خبر کے مطابق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، نواز شریف کے طیارے کو کہاں اتارا جائے گا،نگران وزیر اطلاعات علی ظفر نے اعلان کردیا۔کچھ دیر پہلے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز لندن سے پاکستان آنے والی پرواز کو لاہور ہی میں اتارا جائے گا جہاں پہلے سے نیب کی ٹیم موجود ہو گی۔اس موقع پر لاہور ائیرپورٹ پر نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری عمل میں آئے گی جہاں سے انہیں جیل منتقل کردیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے نیب کی جانب سے ہیلی کاپٹر مانگے جانے کی درخواست کو قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔تازہ ترین خبر کے مطابق نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔ نیب نے نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ڈائریکٹر امجد علی اولکھ کریں گے جب کہ ٹیم میں 9 افسران نیب کے ہوں گے اور باقی پولیس افسران ہوں گے جو انہیں لاہور ائیر پورٹ سے ہی گرفتار کرلیں گے۔ ذرائع ککے مطابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم تمام کارروائی کی نگرانی کریں گے اور اس حوالے سے نیب آفس میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات کردی گئی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات