پی ایس او میں 64 ارب روپے کی مبینہ کرپشن میں ملوث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی5 سابق منیجرز گرفتار

نیب کی کارروائی میں گرفتار ہونے والوں میں اختر ضمیر، کامران افتخار لاری، قیصرجمال، ذوالفقار جعفری اور نذرعلی زیدی شامل ہیں

ہفتہ 14 جولائی 2018 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) نیب نے مختلف کارروائیوں کے دوران پی ایس او میں 64 ارب روپے کی مبینہ کرپشن میں ملوث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 5 سابق مینجرز کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب کراچی کے حکام نے 5 آئل کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپہ مار کر سابقہ جنرل منیجرز کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس او کے 64 ارب کے اسکینڈل میں ملوث آئل مارکیٹنگ کے 5 سابق منیجرز کو کراچی، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا ہے، ملزمان میں اختر ضمیر، کامران افتخار لاری، قیصرجمال، ذوالفقار جعفری اور نذرعلی زیدی شامل ہیں۔

اعلامیئے کے مطابق ملزمان پر غیر قانونی طریقے سے نجی پیٹرولیم کمپنی کو ٹھیکا دینے کا الزام ہے اور پی ایس او کو غیر معیاری پروڈکٹس سپلائی کی گئی، جس سے قومی خزانے کو 64 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نیب کے مطابق عدالت کی جانب سے اختر ضمیر اور قیصر جمال کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا ہے جب کہ ملزم کامران افتخار میڈیکل بنیاد پر جوڈیشل کر دئا گیا ہے۔ اسلام آباد اور گلگت سے گرفتار کئے جانے والے ملزمان کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔