عالمی امن و استحکام کیلئے مضبوط و مستحکم پاکستان ناگزیر ہے

ْ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق کی پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت

اتوار 15 جولائی 2018 13:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو تنازعہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی محاذوں پر بھرپور حمایت فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی امن و استحکام کے لیے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی عوام اور حکومت اپنے ملک کے خلاف ہونے والی اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنے صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں گے۔

سید علی گیلانی نے خیبر پختونخوان اور بلوچستان میں میں ہونے والی دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت اور بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے زیاں پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے قتل وغارت گری کے واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔

سید علی گیلانی نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتیرس کے بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے اقوا م متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر زید رعد الحسین کی طرف سے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کی ہے ۔ سید علی گیلانی نے اُمیدظاہر کی کہ اقوامِ متحدہ گزشتہ 70 برس سے تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر ے گا۔

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھی ایک بیان میں پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ اپنے پیاروں کا کھونے کا احساس کشمیریوں سے زیادہ کس کو ہوسکتا ہے جنہیں بڑے پیمانے کا بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔انہوںنے پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اور انکی آزادی پسند قیادت اس مشکل وقت میں انکے ساتھ ہیں۔

میر واعظ عمر فاروق نے کشمیر کے بارے میں قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے گا۔دریں اثنا ء حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی کی قیادت میں حریت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد حریت راہنما مختار احمد صوفی کے والد خواجہ غلام محمد صوفی کے انتقال پرغم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کے لیے ملک ناگ اسلام آباد میں ان کے گھر گیا۔ وفد میں غلام احمد گلزار، مولوی بشیرعرفانی،محمد یٰسین عطائی، امتیاز احمد شاہ، سید محمد شفیع، عاشق حسین نارچور، سبزار احمد بٹ، آصف احمد دادا اور یاسر احمد وازہ شامل تھے۔