مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوںنے شوپیاں میں لوگوں کو بے رحمی سے مارا پیٹا ، املاک کو نقصان پہنچایا

بدھ 18 جولائی 2018 18:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں کے گائوں مانچوارہ میں رات کے وقت چھاپے کے دوران نوجوانوں کو بے رحمی سے مار پیٹا اور علاقے میں کھڑی گاڑیوں اور دیگر املاک کو سخت نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجی بدھ کی رات نو بجے کے قریب گائو ں میں داخل ہو گئے اور گھروں میں گھس کر مکینوں خاص طور پر نوجوانوں کو سخت مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔

فوجیوں نے گھروں کی کھڑکیوں اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے ۔ مار پیٹ کے باعث کئی نوجوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ زخمی نوجوانوں کی تصاویر سماجی رابطوںکی سائٹ فیس بک پر وائرل ہو گئی ہیں ۔دریں اثنا حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے ایک ٹویٹ میں قابض فوجیوں کی کارروائی کی سخت مذمت کی ہے۔