الیکشن 2018 کے ضابطہ اخلاق پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہیں، بریگیڈئیر (ر ) حارث نواز

جمعہ 20 جولائی 2018 22:27

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) نگراں وزیر اعلی سند ھ کے مشیر برائے ورکس اینڈ سروسز ، جیل خانہ جات ، سماجی بہبود اور محکمہ خصوصی تعلیم بریگیڈئیر (ر ) حارث نواز نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلی سندھ فضل الرحمان کی ہدایت پر الیکشن 2018 کے ضابطہ اخلاق پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہیں ۔جمعہ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف انجینئر ہائی ویز کے دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف انجینئر ہائی ویز طفیل احمد پلیجو ، سپرنٹینڈنٹ انجینئر ہائی ویز غلام شبیر میمن و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ نگراں حکومت ،پاک فوج ، رینجرزاور پولیس کا کام الیکشن کو صاف و شفاف اور پُر امن بنانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سہولیات و معاونت فراہم کرنا ہے جسے نگراں حکومت یقینی بنارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے رینجرز نے حال ہی میں سرچ آپریشن شروع کیا ہے جس میں بڑے بڑے خطرناک مجرموں کو پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی جرائم پیشہ عناصر الیکشن میں دھاندلی کا باعث بنتے ہیں ان تمام جرائم پیشہ عناصر کو بلا امتیاز پکڑا جارہا ہے اور انہیں گرفتار کر کے اس ہی دن پولیس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے 5576 پولنگ اسٹیشنز پر تقریباً 20000 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں جبکہ جنریٹر سمیت دیگر تمام سہولیات پولنگ اسٹیشنز کو فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا حال ہی میں پاک رینجرزکی جانب سے ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر مختلف کینالوں پر چھاپے مارے گئے ہیں جہاں پر مشینوں کے ذریعے پانی چوری ہو رہا تھا اس آپریشن کے ذریعے تمام غیر قانونی کنیکشنز کو منقطع کیا گیا اور 100 سے زائد ایف آئی آر درج کروائی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے سندھ بھر میں ایک لاکھ نو سو پانچ پولیس اہلکار وں کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ماضی کے مقابلے میں الیکشن کا ٹرن آؤٹ بہتر ہو گا کیوں کہ نگراں حکومت کی جانب سے ووٹرز کے لیے پُر امن ماحول ، سیکیورٹی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا کا اہم رول ہے کہ وہ لوگوں میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کریں تاکہ لوگ جمہوری عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنا ووٹ کاسٹ کریں کیو نکہ مضبوط حکومت ہی مضبوط پاکستان کی ضامن ہے ۔

قبل ازیں نگراںوزیراعلی سندھ کے مشیربرائے ورکس اینڈسروسز،جیل خانہ جات،سماجی بہوداورمحکمہ خصوصی تعلیم بریگیڈئیر(ر)حارث نوازکی زیرصدارت محکمہ ورکس اینڈسروسز حیدرآباد میں صوبائی ہائی ویزڈویژن حیدرآباداورمیرپورخاص کی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف انجینئرہائے ویزطفیل احمد پلیجونے ترقیاتی منصوبوں کی تعداد،لاگت،حالیہ صورتحال اورتکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

اجلاس میں بتایاگیا کہ اس سال محکمہ ورکس اینڈسروسزنے مجموعی طور پرصوبے بھر میں مختلف اسکیموں کے ذریعے 1058کلومیٹرکی سڑکیں تعمیرکرنے کا تاریخی کام مکمل کیا ہے اوران منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاگیا۔اجلاس میں مختلف انجینئرز نے اپنے زیرنگرانی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اورتکمیل شدہ سڑکوں کی فلم بھی دکھائی ۔

اس موقع پر مشیر وزیراعلی سندھ بریگیڈئیر(ر)حارث نواز نے منصوبوں کی تکمیل اورمعیارپرافسران کی خدمات کو سراہا اورکہا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے ، معیارکے بیچ میں آنے والی ہررکاوٹ کو بلا خوف دورکیا جائے۔ انہوں نے مزیدہدایت دیں کہ کام کے معیار کو مزید بہتربنانے کے لیے ضروری ہے کہ برسوں سے محکمہ کے لیے کام کرنے والے ٹھیکیداروں اور کمپنیوں کی اجاراداری ختم کی جائے اورٹینڈرمیں میرٹ اورشفافیت کو مزیدفروغ دینے کے لیے دوسری کمپنیوں کو کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ ان کمپنیوں کے ذریعے لوگوں کو روزگارملے اورکام کے معیار میں مقابلہ کا رجحان بھی پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ میں تعیناتی کے منتظرتمام افسران کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے اور ہر منتظرافسر کو میرٹ کی بنیاد پر ادارے میں تعینات کیاجائے گا اورکسی افسر کو ایک سے زائدذمہ داری نہیں سونپی جائے گی اور جن کے پاس ایک سے زائد ذمہ داریاں ہیں ان سے واپس لے لی جائیں گی۔انہوں نے ہدایت دیں کہ تمام افسران اپنا کام ایمانداری اوردیانتداری سے جاری رکھے اورجلد اپنی اسکیموں کو مکمل کریں۔