لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے، 25 جولائی کو بلاول بھٹو زرداری بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے، سینیٹر یوسف بلوچ

جمعہ 20 جولائی 2018 23:49

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، قومی اسمبلی حلقہ 246 کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری 30 سالوں کے بعد اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے لیاری کے حلقے سے الیکشن 2018ء میں حصہ لے رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے اس حلقے میں ان کی خالہ صنم بھٹو اور بہن آصفہ نے بلاول بھٹو زرداری کے لئے لیاری کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹینگز کر کے عوام سے ووٹ کی اپیل بھی کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے، 1988ء انتخابات میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی، آج جبکہ 2018ء کے الیکشن 25 جولائی کو منعقد ہو رہے ہیں، اس حلقے سے محترمہ بے نظیر بھٹو کے صاحبزادہ بلاول بھٹو زرداری چیئرمین پیپلز پارٹی خود حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کے چیف پولنگ ایجنٹ سینیٹر یوسف بلوچ نے ’’ اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ این اے 246 میں 244 پولنگ اسٹیشنز ہیں اور 25 جولائی کو لیاری کے عوام تمام پولنگ اسٹیشنز سے بلاول بھٹو زرداری کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اہلیان لیاری کے لئے بہت مثبت کام کئے ہیں جن میں لیاری جنرل ہسپتال، لیاری میڈیکل کالج، لیاری لاء کالج، ڈگری گرلز کالج، نرسنگ کالج (میل، فیمیل) کے علاوہ 4 آر او پلانٹ بھی لگائے گئے ہیں تاکہ لیاری میں پانی کا مسئلہ حل ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور میں گرڈ اسٹیشن لگایا گیا تھا لیکن بعد میں اس گرڈ اسٹیشن کے فیڈر کھول کر کہیں اور منتقل کر دیئے گئے ہیں، اس کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کیا جائے گا تاکہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی جاسکے۔ سینیٹر یوسف بلوچ نے کہا کہ حلقہ این اے 246 میں مکمل سیاسی ماحول ہے، اس حلقے میں ایم ایم اے، ایم کیو ایم پاکستان، پی ٹی آئی، تحریک لبیک سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور اپنے اپنے امیدواروں کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں کچھی اور میمن برادری نے بھی بلاول بھٹو زرداری کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔