کشمیریوں کے مقدس مقصدکے لیے دی جارہی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شبیرڈار

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:07

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہاہے کہ مقدس مقصد کے لیے دی جارہی کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد ڈار نے ہفتہ کو سرینگر میں ایک پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ مسلم کانفرنس کے وجود کا واحد مقصد تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس اپنے بزرگوں کی طرف سے 19جولائی 1947ء کو منظور کی جانے والی قرارداد پرکاربندہے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کشمیر کے مشن کو ہرقیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔ انہوںنے کہا شہداء کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کشمیریوں کا عزم بھارت کے پالیسی سازوں کے لیے واضح اور دوٹوک پیغام ہے کہ کشمیری حصول آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

شبیر ڈار نے کہاکہ عالمی برادری کشمیریوںکی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کرسکتی اوران کے جذبات کا احترام کرنا اوردیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں پارٹی رہنمائوں محمد سلطان ماگرے، معراج الدین صالح، نذیر احمد، بشیر احمدمیر، محمد شفیع میر، محمد سلطان گنائی اور بشیر احمد گوجری نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر محمد سلطان ماگرے اور معراج الدین صالح نے بھی خطاب کیا۔