عمر کوٹ سے جعلی بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران 5 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان میں انور سومرو، کھنگھار، حاکم، اقبال اور نواب شامل ہیں ،ْ

منگل 24 جولائی 2018 14:03

عمر کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2018ء) عمرکوٹ کے علاقے پاکستان چوک سے دوران تلاشی 5 ملزمان کو جعلی بیلٹ پیپرز لے جاتے ہوئے حراست میں لے لیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عمرکوٹ کے مصروف ترین علاقے پاکستان چوک میں رینجرز اہلکار معمول کے مطابق گاڑیوں کی تلاشی لے رہے تھے کہ اس دوران ایک جیپ سے جعلی بیلٹ پیپرز، مہریں اور اسٹیمپ پیڈ پکڑے گئے۔

(جاری ہے)

رینجرز اہلکاروں نے پانچوں ملزمان کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا جنہیں بعدازاں سٹی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ،ْپولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں انور سومرو، کھنگھار، حاکم، اقبال اور نواب شامل ہیں جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کا بتانا تھا کہ بیلٹ پیپرز، مہریں اور اسٹیمپ پیڈ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 52 کے گاؤں بوڑھہ باھ لے جائے جارہے تھے جبکہ ملزمان کا تعلق بھی اسی گاؤں سے ہے۔یاد رہے کہ عمرکوٹ کے اس حلقے این اے 220 پر تحریک انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے نواب یوسف تالپور کے درمیان ون آن ون مقابلہ ہے۔