Live Updates

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی قومی فریضہ انجام دے دیا

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 جولائی 2018 13:31

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی قومی فریضہ انجام دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2018ء) : سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی ووٹ ڈال کر اپنا قومی فریضہ انجام دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں عام انتخابات 2018ء کے تحت صبح 8 بجے سے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جو شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ عام انتخابات میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان ، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت ملک کے سیاسی رہنماؤں اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

تاہم اب سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی عام انتخابات 2018ء کے تحت اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف بغیر پروٹوکول پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہوئے اور ووٹرز کی قطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کیا۔

(جاری ہے)

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ووٹ کاسٹ کرنے کی خصوصی تصاویر اُردو پوائنٹ نے حاصل کر لیں۔

ملک کے سیاسی رہنماؤں ، چیف جسٹس اور سابق آرمی چیف کے ووٹ کاسٹ کرنے کی تصاویر کو دیکھتے ہوئے ووٹرز میں حوصلہ پیدا ہوا ہے۔ ووٹرز کا کہنا ہے کہ جب یہ لوگ ووٹ کاسٹ کرنے کا قومی فریضہ انجام دے سکتے ہیں تو پھر عام آدمی کو بھی چاہئیے کہ وہ گھر سے نکل کر ووٹ کاسٹ کرے اور اپنا ووٹ ضائع نہ کرے ۔ کیونکہ ملک کے بڑے لیڈرز اور سیاسی رہنماؤں کا ووٹ کاسٹ کرنا ووٹ کی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2018ء کے پیش نظر ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر سے آج 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔آج قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں کے لیے پولنگ ہو گی جس کے تحت ووٹرز اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات