پولیس رینجرز پاک آرمی اور دیگر سکیورٹی اداروں نے پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا، چیف سیکریٹری سندھ

جمعہ 27 جولائی 2018 23:07

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے کہا کے سندھ صوبے میں سیکیورٹی خطرات کے باوجود پرامن انتخابات کا انعقاد بہت بڑا چیلنج تھا مگر پولیس رینجرز پاک آرمی اور دیگر سکیورٹی اداروں نے پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ یہ بات انہوںنے انتخابات 2018 کے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی، صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی صالح احمد فاروقی نے شرکت کی جبکہ دیگر ڈویژن کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے کہا کے انتظامی لحاظ سے الیکشن 2018 کا انعقاد ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس میں نگران وزیر اعلی سندھ فضل الرحمان کی رہنمائی ساتھ تھی۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات ہونے کہ باوجود پولیس رینجرز آرمی اور دیگر قانون لاگو کرنے والے اداروں نے حالات کو سازگار بنائے رکھا جس کی وجہ سے سندھ میں ووٹر کا ٹرن آئوٹ بہتر رہا اور یہ سندھ صوبے کے سب سے پر امن انتخابات رہے۔ چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان الیکشن کے ضوابط نافذ کرنے میں سندھ صوبہ دیگر صوبوں سے آگے رہا۔

مسنگ فیسلٹیز کی فراہمی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی بہتر انداز سے ہوئے۔ انہوںنے تمام کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران انتظامی امور پر پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے ایک ہفتے میں جامع رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک نے کہا کہ سندھ حکومت نے انتخابات کے لئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے اور ووٹر کے ٹرن آئوٹ زیادہ ہونے میں بھی سندھ حکومت کے بہترین اور بروقت انتظامات تھے۔ انہونے کہا کہ انتخابی عملے کی فراہمی میں سندھ حکومت کا کردار مثالی تھا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ 30 سالہ تاریخ میں یہ سب سے پرامن انتخابات تھے۔