میری کامیابی عوام کی کامیابی ہے،نو منتخب امید وار محمداسلم بھوتانی

جمعہ 27 جولائی 2018 23:30

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) حلقہ این اے 272 لسبیلہ گوادر سے نو منتخب آزاد امید وار محمداسلم بھوتانی نے کہا کہ میری کامیابی عوام کی کامیابی ہے اس بار ہم نے این اے 272 سے کامیابی حاصل کی ہے 2023 کے انتخابات میں حلقہ پی بی 50 کی نشست بھی مخالفین سے چھین لیں گے ان خیالات کا اظہار جمعہ کی شب اوتھل میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ سنا ہے کہ مخالفین ری کاونٹنگ کے لیئے آر او کے پاس گئے ہیں۔وہ شوق سے جائیں لیکن یہ چھ ہزار کی برتری دوبارہ گنتی میں اور بھی بڑھ جائے۔انہوں نے کہا کہ میں لس بیلہ اور گوادر کے عوام کا خلوص اور پیار کبھی نہیں بھول سکتا جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے اس اہم نشست سے مجھے کامیاب کرایا جس پر دنیا بھر کی نظریں ہیں۔

(جاری ہے)

محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ میری اولین ترجیح علاقے کے جائیز حقوق دلانا ہے اور لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے۔اس موقعے پر انہوں نے اوتھل میں رابطہ آفس کھولنے کا اعلان کیا۔اور کہا کہ میں ہمیشہ پہلے کی طرح لوگوں سے رابطے میں رہوں گا۔واضح رہے کہ محمداسلم بھوتانی نے 68804 ووٹ ، بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان 63275 ووٹ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے 41866 ووٹ حاصل کئے۔

اس طرح سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے ان دونوں پارٹیوں کے سربراہوں کو شکست دی۔پی پی پی کے رہنما مرحوم غلام اکبر لاسی کے بعد محمد اسلم بھوتانی دوسرے سیاست دان ہیں جنہوں نے قیام پاکستان سے اب تک جام خاندان کو شکست سے دوچار کیا۔قبل ازیں انہوں نے وندر ، لاکھڑا اور جگہ جگہ لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔اوتھل کے بعد ایک بڑی ریلی کے ہمراہ بیلہ روانا ہوگئے۔اس موقعے پر محمد ابراہیم دودا اور بابو فیض شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے۔