جنگلات ریاست کا قیمتی اثاثہ اور محکمہ جنگلات اس اثاثے کا امین ، رواں سیزن میں آزادکشمیر کے 16ہزار ایکڑ رقبہ پر36لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں ، فاروق حیدر

آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور اسے سرسبز و شاداب بنانا مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیح ہے ، محکمہ جنگلات کو فنڈز کی کمی نہیں ہونے دیں گے، محکمہ اپنے فرض کو سمجھے اور شجرکاری اور شجرپروری اور نگہداشت کیلئے ضروری اقدامات کرے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 28 جولائی 2018 21:47

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2018ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاہے کہ جنگلات ریاست کا قیمتی اثاثہ اور محکمہ جنگلات اس اثاثے کا امین ہے ، رواں سیزن میں آزادکشمیر کے 16ہزار ایکڑ رقبہ پر36لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں ، آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور اسے سرسبز و شاداب بنانا مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیح ہے ، آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر اراضی مختص کرتے ہوئے اس میں جنگل لگایا جائے ، سیٹیلائیٹ ٹائونز تعلیمی اداروں اور گھروں کے اندر شجرکاری کی جائے اور لوگوں کو اس جانب راغب کیا جائے ۔

سائنٹیفک طریقے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حساب سے شجرکاری کے موسم تعین کیا جائے اور سالانہ سروے کے ذریعے شجرکاری کی کامیابی کا تخمینہ حاصل کیا جائے ، محکمہ جنگلات کو فنڈز کی کمی نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

محکمہ اپنے فرض کو سمجھے اور شجرکاری اور شجرپروری اور نگہداشت کیلئے ضروری اقدامات کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ہفتہ کے روز فاریسٹ سکول ٹنڈالی میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر جنگلات سردارمیر اکبر خان ، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی مصطفی بشیر ، سیکرٹری جنگلات سید ظہورالحسن گیلانی ، ناظم اعلیٰ جنگلات ترقیات ڈاکٹر راجہ اورنگزیب خان ، فاریسٹر و فارسٹ گارڈ ایسوسی ایشن کے صدر راجہ طاہر مجید نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں وزیر زکوة و عشر راجہ عبدالقیوم خان ،ناظم اعلیٰ جنگلات عبدالرئوف قریشی ، چیئرمین مرکزی زکوٰة کونسل صاحبزادہ سلیم چشتی کے علاوہ محکمہ جنگلات کے آفیسران اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا کو ماحولیاتی آلودگی، پانی کی قلت ، موسمیاتی تغیرات اور درجہ حرارت میں اضافے کے خطرناک چیلنجز کا سامنا ہے ۔ ان خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمیں جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی ۔ اگر ہم نے بروقت اس جانب توجہ نہ دی تو ہماری بقاء خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت کو ان عالمی خطرات کا شدت سے احساس ہے اور ہم عالمی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کیلئے بین الاقوامی برادری کے شانہ بشانہ اپنا کردار اد اکرینگے تاکہ ان خطرات کا تدارک ممکن ہو سکے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں موسمیاتی تغیرات اور آلودگی کا خاتمہ کرنے کیلئے قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور اس مقصد کیلئے جنگلات کی افزائش اور توسیع کی جانب بھرپور توجہ دینی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں جنگلات بتدریج کم ہورہے ہیں جو ایک بہت بڑا خطرہ ہے ، آزادکشمیر میں جنگلا ت کا تحفظ یقینی بنائیں گے ۔ محکمہ جنگلات لکڑی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کرے ۔

لکڑی کا استعمال کم سے کم کیا جائے اور لوگوں کو توانائی کے متبادل ذرائع فراہم کیے جائیں ۔ جنگلات کی بہتری اور توسیع کیلئے ہر مکتبہ فکر اور ہر فردکو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسی صورت میں ہم آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات لوگوں کو آگاہی فرام کرے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں، شہر کے اندرجن گھروں میں جگہ ہے وہاں پر بھی کم از کم 2درخت لگائے جائیں جو پورا سال سرسبز رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر شجر کاری کی جائے کیونکہ اب مون سون سیزن میں تبدیل اور شفٹ آچکا ہے ، کمیونٹی کی شجرکاری کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنائی جائے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ہماری حکومت جنگلات کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔ جنگلات پوری دنیا میں خاص اہمیت کے حامل ہو تے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ انسانی زندگی اور دیگر لوازمات وابستہ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال میں مختلف سطح پر بنائی گئی غیر جانبدارکمیٹیوں نے محکمہ جنگلات کی کارکردگی کو سراہاہے اور اسے بہتر قرار دیا ہے جوہمارے لیے باعث اطمینان ہے ۔ جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے میڈیا اپنا مثبت کردار ادا کرے اور حقیقت پر مبنی رپورٹنگ کرے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہاکہ درخت اللہ تعالیٰ کی نعمت ہیں جو انسانی زندگی کیلئے انتہائی ضروری ہیں ، درخت لینڈ سلائیڈنگ روکنے ، درجہ حرارت کم کرھنے اور آکسیجن کی فراہمی کا ذریعہ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی درجہ حرارت اس وقت خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے جس کو کم کرنے کیلئے جنگلات کی توسیع ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنگلات کی حفاظت اور توسیع میں ہی انسانی زندگی کی بقا ء ممکن ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی نے کہاکہ اس وقت ریاست کے 42فیصد رقبہ پر جنگلات موجود ہیںجبکہ88فیصد دیہی آبادی کا انحصار جنگلات پر ہے ۔

اس وقت بھی ریاست کا بڑا رقبہ ایسا ہے جس پر شجرکاری کی جانی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنگلات کے بچائو اور توسیع کیلئے ضروری ہے کہ اس کے استعمال اور پیداوار میں توازن قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال محکمہ جنگلات نے 13لاکھ پودے نصب کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ رواں سیزن میں مختلف ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں سے لوگوں کو مفت پودے دیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ لوگوں کومحکمہ جنگلات کی جانب سے ٹیکنیکل معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ شجر کاری اور شجرپروری کی جانب راغب کیاجائے ۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین مرکزی زکوٰة کونسل صاحبزادہ سلیم چشتی نے دعا کروائی۔