شہبازشریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرہوں گے،ن لیگ

پیپلزپارٹی کی قائد ایوان کے انتخاب کے روز احتجاج کی مخالفت، اس دن اگراحتجاج کیا گیا توغیرمئوثر رہے گا، دوسرے روز بھر پوراحتجاج کرنا چاہیے۔پیپلزپارٹی کا مئوقف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 اگست 2018 16:54

شہبازشریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرہوں گے،ن لیگ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اگست 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ شہبازشریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے، دوسری جانب پیپلزپارٹی نے قائد ایوان کے الیکشن کے روز احتجاج کی مخالفت کردی۔ پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ اس دن اگراحتجاج کیا گیا توغیرمئوثر رہے گا،دوسرے روز بھر پوراحتجاج کرنا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ پرہم خیال جماعتوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور ایم ایم اے و دیگر جماعتوں نے شرکت کی۔ دھاندلی پراکٹھی ہم خیال جماعتوں نے اجلاس میں قائد ایوان، اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر قومی اسمبلی و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سمیت احتجاجی لائحہ عمل سے متعلق مشاورت کی۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے قائد ایوان کے الیکشن کے روز احتجاج کی مخالفت کردی۔ پیپلزپارٹی نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ اس دن اگر احتجاج کی گیا تووہ غیرمئوثر رہے گا۔

قائد ایوان کے انتخاب کے دوسرے روز بھر پور احتجاج کرنا چاہیے۔ تاہم مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا کہ شہبازشریف ہی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔ واضح رہے گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ کے لائحہ عمل پرعملدرآمد کیلئے 16رکنی کمیٹی بنائی تھی۔ کمیٹی میں سعد رفیق، احسن اقبال، مشاہد حسین سید، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، اویس نورانی ، لیاقت بلوچ، گوہر حیدری، غلام احمد بلور، میاں افتخار، عثمان کاکڑ، رضا محمد، امیر کبیر، ملک ایوب سمیت دیگر شامل ہیں۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل اورایوان کی کاروائی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرے گی۔ تمام جمہوری جماعتوں کا الائنس ہوا ہے۔تحریک انصاف کو بتائیں گے کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے؟