پیپلز پارٹی نے حسن مرتضیٰ کو پنجاب اسمبلی میں اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا

جمعہ 10 اگست 2018 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے نومنتخب رکن حسن مرتضیٰ کو پنجاب اسمبلی میں اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا ہے۔ حسن مرتضیٰ کی بطور پارلیمانی لیڈر کے نامزدگی سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر واقعہ ماڈل ٹائون میں منعقدہ ایک اجلاس میں کی گئی۔ جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی سمیت پیپلز پارٹ پنجاب اور لاہور کے رہنمائوں نے شرکت کی۔

حسن مرتضی کی بطور پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی نامزدگی کے بعد سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ اس نامزدگی پر مبنی سفارش کو منظوری کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پاس بھیجا جائے گا جبکہ اجلاس میں موجود تمام نومنتخب ارکان اسمبلی کی منظوری کے بعد حسن مرتضیٰ کو پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ادبی کارکن ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کے حوالے سے پارٹی کی قیادت جو ٹیم کرے گی وہ اس پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج جمہوریت پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانی سے بچی ہے۔ وہ پنجاب اسمبلی میں جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔