Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کےنام کااعلان48 گھنٹوں کرنےکا فیصلہ

پی ٹی آئی کی پنجاب میں حکومت سازی سےمتعلق مشاورت شروع، وزیراعظم کیلئے ووٹوں کی تعداد180سے بھی زائد ہوجائے گی۔ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 اگست 2018 19:31

وزیراعلیٰ پنجاب کےنام کااعلان48 گھنٹوں کرنےکا فیصلہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصا ف وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا آئندہ 48 گھنٹوں میں اعلان کردے گی، ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق مشاورت شروع کردی، وزیراعظم کیلئے ووٹوں کی تعداد 180سے بھی زائد ہوجائے گی، عمران خان نے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان ایوان کو ہر معاملے پر جوابدہ ہوں گے۔

انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15کو طلب کیا جارہا ہے۔جس کے پیش نظر پارلیمانی پارٹی کااجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ اسپیکر کیلئے 180ووٹ ہوجائیں گے۔جبکہ وزیراعظم کیلئے ووٹوں کی تعداد 180سے بھی زیادہ ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ تحریک انصاف کے پاس ہی رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق مشاورت شروع کردی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے آئندہ24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرلیں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ شہبازشریف اور بلاول بھٹو اور خورشید شاہ کو تقریب حلف برداری میں مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سب سے اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے۔عمران خان ایوان کو ہر معاملے پر جوابدہ ہوں گے۔

عمران خان کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روایات کو مضبوط بنانے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ اس وقت معیشت ملک کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔اسد عمر کا فوکس اس وقت ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی طرف ہے۔وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور گورنرہاؤس، چیف سیکرٹریز ہاؤسزسمیت حکومتی اخراجات کو کم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے اور دیگر 4 نشستیں چھوڑ دیں گے۔واضح رہے تحریک انصاف نے وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کیلئے نمبرز گیم پورے کرلیے ہیں۔ تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے سابق اسپیکر کے پی اسد قیصر کو نامزد کیا ہے جبکہ پنجاب میں گورنرکیلئے چوہدری سرور اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے چوہدری پرویز الٰہی کو نامزد کردیا ہے۔اسی طرح خیبرپختونخواہ میں وزیراعلیٰ کیلئے محمود خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم عمران خان کیلئے وفاقی کابینہ کی تشکیل اور پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے موزوں لوگوں کا انتخاب ایک بڑا کارنامہ ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات